وسیم اکرم کی محبت نے شنیرا کو پکا پاکستانی بنا دیا

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  اتوار 29 مارچ 2020
مقامی تقافت کو اپنالیا،گھریلوذمہ داریاں خوش اسلوبی سے نبھانے لگیں

مقامی تقافت کو اپنالیا،گھریلوذمہ داریاں خوش اسلوبی سے نبھانے لگیں

 لاہور:  وسیم اکرم کی محبت نے شنیرا کو پکا پاکستانی بنا دیا،آسٹریلیا میں پہلی ملاقات کے 2 سال بعد شادی ہوئی تو پیا کے دیس آگئیں، مقامی تقافت کو اپنایا، بیٹی کی نگہداشت سمیت ایک گھردار خاتون کی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے نبھا رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم کی اہلیہ کا انتقال ہوئے 2 سال ہوگئے تھے،وہ کمنٹری کیلیے میلبورن گئے تو شنیرا سے ملاقات ہوئی، ایک انٹرویو میں سابق کپتان نے بتایا کہ 2011 میں شنیرا کو ایک ڈنر پر دیکھا، وہ مجھے نہیں جانتی تھیں،ان کی توجہ حاصل کرنے کیلیے مجھے کوشش کرنا پڑی،پھر فون نمبرز کا تبادلہ ہوا، بات چیت چلتی رہی،2سال بعد شادی ہوگئی۔

شنیرا پاکستان آئیں،ہما کے انتقال کی وجہ سے میں بیٹوں کی دیکھ بھال نہیں کرپا رہا تھا،شنیرا نے یہ کمی پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کی،رسم و رواج اور ثقافت کا بہت زیادہ فرق ہونے کے باوجود انھوں نے خود کو مقامی ماحول کے مطابق ڈھالا،انھوں نے کہا کہ میری اہلیہ نے عوام میں جاتے ہوئے سر پر ڈوپٹہ اوڑھنے سے  لے کر اردو سیکھنے تک ہر ممکن طرز عمل اپنایا،بیٹی عالیہ بڑی ہوئی تو اس کو اسکول اور جوڈو کلاس کیلیے لے جانے کی ذمہ داری بھی خود اٹھائی، پہلے شنیرا کی میری وجہ سے پہچان تھی، اب وہ خود ایک اسٹار کے طور پر جانی جاتی ہیں، سماجی کاموں میں بھی پیش پیش رہتی ہیں۔

شنیرا نے کہا کہ وسیم اکرم سال میں 8 ماہ کے قریب تو بیرون ملک ہی گزارتے تھے، اس لیے مجھ پر بیٹوں کی پرورش کی زیادہ بھاری ذمہ داری تھی، میں نے ان کو پیار کا احساس دلایا، شادی سے پہلے مجھے کرکٹ میں زیادہ دلچسپی نہیں تھی، اب دیگر پاکستانیوں کی طرح اس کھیل سے بھرپور لگاؤ رکھتی ہوں، وسیم اکرم کی زندہ دلی اور عاجزی ہر کسی کا دل موہ لیتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔