باکسرعامر خان کا پاکستان میں کورونا متاثرین کے لئے 4 کروڑ روپے دینے کا اعلان

ویب ڈیسک  اتوار 29 مارچ 2020
مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے غریب عوام کے لیے ہر ممکن مدد اور تعاون کرنے کے لئے تیار ہوں، عامر خان۔ فوٹو:فائل

مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے غریب عوام کے لیے ہر ممکن مدد اور تعاون کرنے کے لئے تیار ہوں، عامر خان۔ فوٹو:فائل

سابق عالمی چیمپیئن عامر خان نے پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ غریب خاندانوں کے لئے 4 کروڑ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستان میں کورونا کی صورتحال سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے کمر کس لی، ہے اور انہوں نے پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے غریب افراد کی مالی امداد کے لیے چار کروڑ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عامرخان کا شادی ہال کورونا سے جنگ میں استعمال کرنے کیلیے پیش

عالمی باکسر نے کہا ہے کہ عامر خان فاؤنڈیشن کے توسط سے  پاکستان میں غریب اور نادار افراد کی امداد کے لیے راشن اور دیگر امدادی سامان تقسیم کیا جائے گا، عامر خان نے اسلام آباد میں واقع اپنی باکسنگ اکیڈمی کو بھی قرنطینہ سینٹر بنانے کی پیشکش کی ہے، اور کہا ہے  کہ کورونا کے مریضوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت پاکستان سے بھرپور تعاون کرنا چاہتا ہوں، باکسنگ اکیڈمی کے ہال میں  ایک ہزار بستر لگانے کی جگہ موجود ہے جسےحسب ضرورت استعمال کیا جاسکتا ہے۔

عامر خان کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے غریب عوام کے لیے ہر ممکن مدد اور تعاون کرنے کے لئے تیار ہوں اور  عوام  اپنے مداحوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے گھروں پر قیام کو ممکن بنائیں اور حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہوں۔

واضح رہے کہ باکسر عامر خان برطانیہ کے شہر بولٹن میں اپنی 60 ہزار مربع فٹ پر محیط چار منزلہ عمارت کو بھی قرنطینہ سینٹر بنانے کی پیشکش کر چکے ہیں،

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔