پولیس عوام کو ماسک پہننے پر مجبور نہ کرے، آئی جی سندھ

ویب ڈیسک  اتوار 29 مارچ 2020
تمام ملازمان اپنی حفاظت کیلئے ماسک کا استعمال کے ساتھ ساتھ تمام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے، حکم نامہ۔ فوٹو:فائل

تمام ملازمان اپنی حفاظت کیلئے ماسک کا استعمال کے ساتھ ساتھ تمام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے، حکم نامہ۔ فوٹو:فائل

کراچی: آئی جی سندھ مشتاق مہر نے کہا ہے کہ پولیس روڈ پر سفر کرنے والوں کو ماسک پہننے پر مجبور نہ کرے اس تجویز کے لیے ڈاکٹرز موجود ہیں۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کے تناظر میں آئی جی سندھ کی طرف سے چند ہدایت جاری کی گئی ہیں جن پر عمل درآمد کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ بین الصوبائی گڈز ٹرانسپورٹ کو نہیں روکیں، یہ اسی طرح اپنا کام جاری رکھیں گے تاکہ معیشت کا پہیہ جام نہ ہو اور گڈز کی ترسیل میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، جب کہ ہائے ویز پر موجود پٹرول پمپ بند نہیں کروائے جائیں تاکہ فیول کی فراہمی کے لیے گڈز ٹرانسپورٹ کو دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے، تاہم  ان پیڑول پمپس سے منسلک ہوٹل اور چائے خانے بندرہیں گے، جب کہ تمام ملازمین اپنی حفاظت کے لیے ماسک کے استعمال کے ساتھ ساتھ تمام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

ترجمان کے مطابق پولیس سڑک پر سفر کرنے والوں کو زبردستی ماسک پہننے پر مجبور کررہی ہے، ایسے کسی عمل کی ضرورت نہیں اور لوگوں کو ماسک کی تجویز کرنے کے لیے ڈاکٹرز موجود ہیں، ناکے اور روڈ پر دوران ڈیوٹی پولیس ملازمین و افسران دوسرے شخص سے تین سے چار فٹ کے فاصلے پر مخاطب ہوں گے اور چیکنگ کریں گے، تمام فلیڈ کمانڈرز ہدایت پر سختی سے عمل درآمد کروائیں گے۔

ناکوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی میں چار گھنٹے کمی

دریں اثنا کراچی پولیس چیف نے لاک ڈاؤن کے دوران مختلف علاقوں کا دورہ کیا، ناکوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کو اچھی ڈیوٹی کرنے پر شاباشی دی اور ان کی ڈیوٹی کم کرکے آٹھ گھنٹے کردی۔

ان کا کہنا تھا لاک ڈاؤن کے دوران ڈیوٹی کرنے پر پولیس اہلکاروں کی شفٹ میں چار گھنٹے کمی کردی گئی ہے۔ کراچی پولیس چیف نے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ شہریوں سے نرمی اور محبت سے پیش آئیں،  چند ناکوں پر پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ چند چیک پوسٹوں پر مزید سختی کی جائے اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلاجواز گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔