خیبر پختون خوا کے اسپتالوں میں او پی ڈی سروس بند کردی گئی

اسٹاف رپورٹر  پير 30 مارچ 2020
طبی عملے کو پوری توجہ کرونا کے متاثرین پر مرکوز کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے فیصلہ کیا گیا، اعلامیہ۔ فوٹو، انٹر نیٹ

طبی عملے کو پوری توجہ کرونا کے متاثرین پر مرکوز کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے فیصلہ کیا گیا، اعلامیہ۔ فوٹو، انٹر نیٹ

 پشاور: صوبے کے اسپتالوں کی اوپی ڈی سروسز پر پابندی عائد کردی گئی اور تمام  نجی کلینک بھی 13 اپریل تک بند رکھے جائیں گے۔

محکمہ صحت خیبر پختون خوا کے  جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسپتالوں کی او پی ڈیز یکم سے 13 اپریل تک بند رکھی جائیں گی۔ او پی ڈیز پر پابندی کا فیصلہ مختلف وجوہات کے باعث کیا گیا۔ صوبے میں کورونا کی وجہ سے حکومت نے ایمرجنسی لگا رکھی ہے۔ کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لیے او پی ڈیز پر پابندی لگائی گئی ہے۔

محکمہ صحت  کا کہنا ہے کہ طبی عملہ پوری توجہ کورونا وائرس کے متاثرین پر مرکوز رکھ سکے اسی لیے اسپتالوں میں عام مریضوں کے معائنے پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔

اعلامیے میں ہدایت جاری کی گئی ہے کہ کورونا کے پھیلاو سے بچنے  کے لیے تمام ہیڈ کوارٹر اسپتالوں  کا عملہ مشتبہ مریض کی  پہلی جانچ اسپتال کے کھلے حصوں یا داخلی راستوں  پر کرے۔ محکمہ صحت نے یکم سے 13 اپریل تک نجی کلینک بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔