40 ہزار روپے مالیت کے انعامی بونڈز واپس جمع کروانے کی تاریخ میں 3 ماہ کی توسیع

ارشاد انصاری  منگل 31 مارچ 2020
حکومت نے ایف اے ٹی ایف کی شرط پر 40 ہزار روپے مالیت کے انعامی بونڈز ختم کردیئے تھے فوٹو: فائل

حکومت نے ایف اے ٹی ایف کی شرط پر 40 ہزار روپے مالیت کے انعامی بونڈز ختم کردیئے تھے فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ایف اے ٹی ایف شرائط پر عملدرآمد کے تحت ختم کئے جانے والے 40 ہزار روپے مالیت کے بیئرر انعامی بونڈز واپس جمع کروانے کی تاریخ میں مزید 3 ماہ کی توسیع کردی ہے.

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 40 ہزار روپے مالیت والے بیئرر سرٹیفکیٹس اور بونڈز 31 مارچ کی بجائے اب 30 جون 2020 تک واپس جمع کروائے جاسکیں گے، اس کے علاوہ صارفین ان بونڈز کو واپس کرکے 40 ہزار روپے مالیت کے رجسٹرڈ بونڈز و سرٹیفکیٹس بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ صرف ان بونڈز کی انکیشمنٹ کے لئے تاریخ میں توسیع کی گئی ہے البتہ بونڈز کی واپسی اور انکیشمنٹ کا پروسیجز و طریقہ پہلے والا ہی برقرار رہے گا اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جس کے تحت بونڈ واپس کرنے والوں کے رقوم انکے بینک اکاونٹ میں منتقل کی جائیں گی اور جو بیئرر سرٹیفیکٹس و بونڈز واپس کرکے ان کی جگہ رجسٹرڈ بونڈ و سرٹیفیکٹ حاصل کرنا چاہے گا تو اسے رجسٹرڈ بونڈز کے حسول کے لئے رائج رجسٹریشن کا طریقہ کار اپنانا ہوگا اور تمام پروسیجرل کارروائی کے تحت مچلوبہ دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔

واضح رہے کہ ایف اے ٹی ایف کی شرط پر عمل درآمد کرتے ہوئے حکومت نے 40 ہزار روپے مالیت کے بیئرر انعامی بونڈز ختم کردیئے تھے اور جن لوگوں کے پاس پرانے بونڈز موجود تھے انہیں بونڈز واپس جمع کروانے یا رجسٹرڈ بونڈز میں منتقل کروانے کے لئے 31 مارچ 2020 تک کی مہلت دی تھی جو گزشتہ روز ختم ہوگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔