کورونا وائرس سے پہلے ہمیں بھوک مار دے گی، بھارتی روہنگیا مسلمان

ویب ڈیسک  منگل 31 مارچ 2020
بھارت میں مختلف کیمپوں میں 40 ہزار روہنگیا مسلمانوں نے پناہ لے رکھی ہے، فوٹو : فائل

بھارت میں مختلف کیمپوں میں 40 ہزار روہنگیا مسلمانوں نے پناہ لے رکھی ہے، فوٹو : فائل

نئی دہلی: بھارتی کیمپوں میں مقیم روہنگیا پناہ گزینوں کا کہنا ہے کہ ہمارے کورونا وائرس سے پہلے بھوک کی وجہ سے ہلاک ہوجانے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق بھارت میں 21 دن کے لاک ڈاؤن سے جہاں عام آدمی سخت پریشانی اور اضطراب میں مبتلا ہوگیا ہے وہیں روہنگیا پناہ گزین کیمپوں میں پہلے سے مرجھائی ہوئی زندگی اب موت کا رقص دیکھ رہی ہے۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے مدن پور پناہ گزین کیمپ کے رہائشیوں نے شکایتوں کے ڈھیر لگاتے ہوئے الجزیرہ کو بتایا کہ 21 دن کے لاک ڈاؤن سے ہماری زندگی اجیرن ہوگئی ہے اور لگتا ہے کورونا سے پہلے ہم بھوک سے مرجائیں گے۔

بھارت کے مختلف کیمپوں میں اس وقت 40 ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان پناہ لیے ہوئے ہیں جہاں پہلے ہی سہولیات کا فقدان ہے اور انتہائی ضرورت کی اشیا بھی ناپید ہیں ایسے میں کورونا وائرس نے مشکلات میں اور اضافہ کردیا ہے جبکہ مودی سرکار کے پاس اس صورت حال سے نمٹنے کیلیے کوئی لائحہ عمل نہیں ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم مودی نے بغیر کسی منصوبہ بندی کے ملک بھر میں 21 دن کے لیے سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے جس سے پورے ملک میں افراتفری پھیل گئی ہے اور بے سرو سامانی کا عالم ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔