خانہ کعبہ میں طواف کی محدود اجازت

 جمعرات 2 اپريل 2020
کورونا وائرس کی وجہ سے مطاف کو طواف کیلیے رواں ماہ کے آغاز میں بند کردیا گیا تھا، فوٹو : فائل

کورونا وائرس کی وجہ سے مطاف کو طواف کیلیے رواں ماہ کے آغاز میں بند کردیا گیا تھا، فوٹو : فائل

سعودی حکومت نے خانہ کعبہ میں داخلے اور طواف پر پابندی کو نرم کردیا ہے جس کے بعد مطاف ایک بار پھر تکبیرات سے گونج اُٹھا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں حرم شریف کی انتظامیہ نے خانہ کعبہ میں مطاف کو کھول دیا جس کے بعد چند افراد نے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے طواف کعبہ کیا اور اس موقع پر مطاف تکبیرات سے گونج اُٹھا۔ مطاف میں لوگوں نے نوافل بھی ادا کیے۔

خانہ کعبہ کے گرد عارضی حفاظتی رکاوٹ بھی کھڑی کی گئی ہے جس نے خانہ کعبہ کو حصار میں لیا ہوا تاکہ کوئی شخص خانہ کعبہ کے نزدیک نہ پہنچ سکے جب کہ ایک اور حفاظتی رکاوٹ بنائی گئی ہے جہاں بہت محدود تعداد میں لوگ طواف کرسکیں گے۔

https://twitter.com/HaramainInfo/status/1244856909947179013?s=20

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خانہ کعبہ کے صحن میں طواف کی اجازت مخصوص لوگوں کو دی جائے گی جن کے بارے میں اطمینان حاصل کرلیا جائےگا کہ وہ مہلک وائرس میں مبتلا تو نہیں ہیں۔ طواف کے دوران لوگوں کو ایک دوسرے سے فاصلہ بنائے رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس وبا کے پھیلاؤ کے باعث رواں ماہ کے پہلے ہفتے مطاف میں طواف پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جب کہ اس سے قبل خانہ کعبہ کو جراثیم کش اسپرے کرنے اور صفائی کے لیے بھی مکمل طور پر بند کیا گیا تھا۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔