ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2110 ہوگئی

ویب ڈیسک  بدھ 1 اپريل 2020
پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 708 ہوگئی ہے، فوٹو، فائل

پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 708 ہوگئی ہے، فوٹو، فائل

ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 2110 ہوگئی ہے جب کہ وائرس کے باعث اب تک 26 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 2110 ہوگئی ہے جب کہ وائرس کے باعث اب تک 26 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، کورونا وائرس سے متاثر 10 افراد کی حالت تشویشناک ہے جب کہ 82 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

حکومت کی جانب سے جاری نئے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 740، سندھ میں 709، خیبر پختونخوا میں 253، بلوچستان میں 158، اسلام آباد میں 54، گلگت بلتستان میں 184 اور آزاد کشمیر میں 6 مریض موجود ہیں۔

حکومت نے 14 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع کردی

وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر نے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق پریس بریفنگ میں بتایا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے 2 ہفتے تک بندشیں جاری رکھی جائیں گی تاہم ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ بحال رہےگی۔

اسد عمر نے کہا کہ کھانےپینےکی اشیا،ادویات کی دکانیں کھلی رکھنابہت ضروری ہے۔ صوبوں کےوفاق سےموثر روابط کے ذریعے صورت حال سے نمٹنے میں آسانی ہوگی۔ تمام حکومتوں نے کورونا کو پھیلنے سے روکنا ہے۔غریب طبقےکااحساس حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم عمران خان؛

راولپنڈی میں کنٹونمنٹ جنرل اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین میں کورونا وائرس پھیلا تو اندازہ تھا کہ پاکستان بھی آئے گا، 15 جنوری سے کورونا وائرس کے خلاف تیاری کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے بڑھنا ہے، کس تیزی سے بڑھنا ہے یہ نہیں پتہ تاہم ساری جگہوں سے ڈیٹا آرہا ہے اور ایک ہفتے بعد اس کا بھی اندازہ ہوجائے گا۔

کورونا ریلیف فنڈ قائم؛

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے فنڈ قائم کیا گیا ہے، چاہتا ہوں ہر شخص اس فنڈ میں حصہ ڈالے، یہ فنڈ لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کا خیال رکھنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، مخیر حضرات نیشنل بینک میں قائم کردہ اکاؤنٹ میں رقم بھیجیں۔

سندھ میں جمعہ کو صوبے میں 12 سے 3 تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ؛ 

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے جمعہ 3 اپریل کو صوبے میں سہہ پہر 12 بجے سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے جب کہ فیصلہ پر عمل کروانے کے لیے پولیس حکام کو خصوصی ہدایت بھی کردی گئی ہیں، جمعہ کو لاک ڈاؤن کے دوران کسی قسم کی دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

لاہورمیں 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ اسپتال قائم

لاہور کے ایکسپو سینٹر میں ریکارڈ مدت میں 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ اسپتال تیار کرلیا گیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے فیلڈاسپتال کادورہ کیا، تشخیصی کاؤنٹر، ریسکیو، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم، ایمبولینس اور دوسری سہولتوں کاجائزہ لیا۔

محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی مشترکہ کاوشوں سے صرف 9 دن میں فیلڈ اسپتال بنایا گیا ہے اور فیلڈ اسپتال میں 3 وقت کے کھانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے، اسپتال میں مریضوں کو آئسولیشن میں رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب کہا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے پنجاب میں نئی 8 لیب بنائیں گے،62 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردیئے، یہاڑی دار مزدوروں کو ریلیف دینے کے لئے چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کا  آغاز کر دیا زکوۃ کے مستحق ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کی امداد کے لئے87 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردیئے جب کہ صوبائی وزراء مالی امداد کی تقسیم کے عمل کو مانیٹر کریں گے۔

کورونا وائرس اور کچھ احتیاطی تدابیر؛

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے۔ گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔