اداکارہ نادیہ جمیل کینسر میں مبتلا ہوگئیں

ویب ڈیسک  جمعـء 3 اپريل 2020
نادیہ جمیل نے خواتین کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ باقاعدگی سے اپنا معائنہ کرانا بہت ضروری ہے فوٹوفائل

نادیہ جمیل نے خواتین کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ باقاعدگی سے اپنا معائنہ کرانا بہت ضروری ہے فوٹوفائل

نامور اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل  بریسٹ کینسر (چھاتی کے سرطان) میں مبتلاہوگئیں۔

اداکارہ نادیہ جمیل نے ٹوئٹر پر اپنے چاہنے والوں کو بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے ان میں بریسٹ کینسر(چھاتی کے سرطان) کی تشخیص ہوئی ہے۔ اور چار روز میں وہ دو مرتبہ علاج کے لیے جاچکی ہیں۔ نادیہ جمیل نے  بتایا کہ پچھلے کچھ دنوں سے وہ اداسی، خوف ، محبت، سکون، قبولیت، صبر، شکر جیسے احساسات سے دوچار ہیں جب کہ اس دوران انہیں اپنے بچوں، والدین، اپنے پیاروں اور خود کے لیے ذمہ داری کا احساس بھی ہوا۔

نادیہ جمیل نے اپنی بیماری سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے کینسر کی اسٹیج ون ہے جب کہ ٹیومر کا گریڈ 3 ہے۔ انہوں نے خواتین کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ باقاعدگی سے خود کی جانچ پڑتال کرنا بہت ضروری ہے۔ اگر آپ کو اپنے اندر کوئی بھی غیر معمولی کیفیت محسوس ہوتی ہے تو فوراً اس کا سدباب کریں۔ اپنے جسم اور اپنی صحت کو کبھی بھی نظر انداز مت کریں۔

نادیہ جمیل نے مزید کہا کہ میں اپنی سرجری کی تاریخ کا انتظار کررہی ہوں اور میں اس حوالے سے بہت مثبت ہوں۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو فکر نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنا بہت خیال رکھیں۔ انہوں نے اپنی مسکراتی ہوئی چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کینسر نے میری مسکراہٹ نہیں چھینی ہے۔

https://twitter.com/NJLahori/status/1245867876285702145

واضح رہے کہ نادیہ جمیل کا شمار  نا صرف پاکستان کی بہترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے بلکہ وہ سماجی کاموں میں بھی پیش پیش رہتی ہیں ۔ بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے معاملے پر جس فنکار نے سب سے زیادہ آواز اٹھائی وہ نادیہ جمیل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے پرستار ان کی بیماری کا سن کر پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں اور ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔