ٹھٹھہ، تیز رفتار ٹرک کی پک اپ اور رکشا کو ٹکر، 30 افراد زخمی، 10 کی حالت نازک

نامہ نگار / ایکسپریس نیوز ڈیسک  پير 2 دسمبر 2013
زخمیوں میں 10 بچے اور10خواتین شامل، گائوں مکلی ناریجو کے رہائشی شادی کی تقریب میں جارہے تھے، گجو کے قریب حادثہ پیش آیا۔ فوٹو: فائل

زخمیوں میں 10 بچے اور10خواتین شامل، گائوں مکلی ناریجو کے رہائشی شادی کی تقریب میں جارہے تھے، گجو کے قریب حادثہ پیش آیا۔ فوٹو: فائل

ٹھٹھہ / گھارو: گجو کے نزدیک تیز رفتار ٹرک نے پک اپ اور رکشیکو ٹکر مار دی۔ 10بچوں اور 10خواتین سمیت 30 سے زائد افراد زخمی، اسپتال میں ایمرجنسی نافذ، 10 افراد کو تشویشناک حالت میں کراچی روانہ کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مکلی ناریجو اور حمائتی گوٹھ کے رہائشی شادی کی تقریب میں ایک پک اپ اور رکشے میں گجو جارہے تھے کہ گجو کے نزدیک ایک تیز رفتار ٹرک نے پہلے رکشے اور بعد میں پک اپ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں پک اپ اور رکشا الٹ گئے اور ان میں سوار نثار، عظمیٰ، حور، سونیا، شہنیلا، نادرہ، لیلیٰ، پیارو، عزیزہ، فدا حسین سمیت 30 افراد زخمی ہوگئے جن میں پیارو، اکبر اور دیگر افراد کو کراچی منتقل کردیا گیا۔

زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں پہنچایا گیا۔مکلی سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور تمام ڈاکٹروں اور اسٹاف کو گھروں سے بلایا گیا۔ مکلی پولیس کی بھاری نفری نے سول اسپتال کا کنٹرول سنبھالا، پولس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔