دماغی کینسر کے علاج کیلیے اسپتال قائم کیے جائیں، ماہرین

اسٹاف رپورٹر  پير 2 دسمبر 2013
نیوروسرجری کانفرنس زیر تربیت ڈاکٹروں کیلیے اہم ثابت ہوئی، ستارہاشم،2براہ راست سرجریز بھی کی گئیں،ملکی وغیر ملکی ماہرین نے علاج کی جدید پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ فوٹو : فائل

نیوروسرجری کانفرنس زیر تربیت ڈاکٹروں کیلیے اہم ثابت ہوئی، ستارہاشم،2براہ راست سرجریز بھی کی گئیں،ملکی وغیر ملکی ماہرین نے علاج کی جدید پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ فوٹو : فائل

کراچی: حکومت ڈاکٹروں کی مراعات میں اضافے کا اعلان کرے، مراعات کی کمی سے ماہرین صحت بڑی تعداد میں بیرون ملک جارہے ہیں، ملک بھر میں سرکاری اسپتالوں میں قائم نیوروسرجری کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرایاجائے۔

دماغی کینسرکے علاج کیلیے مزید اسپتال اور شعبے قائم کیے جائیں، ان خیالات کا اظہار پاکستان نیوروسرجنزسوسائٹی کے تحت 2 روزہ عالمی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے ماہرین طب نے خطاب میں کہی، جناح اسپتال نیوروسرجری کے سربراہ پروفیسر ستار ہاشم نے کہا کہ کراچی میں نیوروسرجری کانفرنس زیرتربیت نیورو سرجنزکیلیے اہم تربیتی کانفرنس ثابت ہوئی اس کانفرنس میں ملکی وغیر ملکی ماہرین دماغی امراض نے علاج کی جدید پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اس حوالے سے جناح اسپتال کے نیوروسرجری یونٹ میں 2 براہ راست سرجریز کی گئیں جو زیر تربیت ڈاکٹروں کیلیے اہم ثابت ہوئیں بھارت سمیت دیگر ممالک سے آئے ہوئے غیر ملکی ماہرین طب نے دماغ کے حوالے ہونے والی نئی اور جدید تحقیق اور اپنے تجربات سے زیر تربیت ڈاکٹروں کو مستفید کیا ہے، کانفرنس کے اختتامی سیشن کا افتتاح کالج آف فزیشنزاینڈ سرجنز پاکستان کے صدر پروفیسر ظفراللہ چوہدری نے کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر ماہرین طب نے سفارشات پیش کیں کہ تمام سرکاری اسپتالوں کے شعبہ نیوروسرجری میں جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا جائے اوراس شعبے کو جدید تقاضوںکے مطابق ہم آہنگ کیاجائے حکومت پاکستان ڈاکٹروںکی مراعات اور تنخواہوں میں اضافہ کرے کیونکہ پاکستان میں ڈاکٹروں کے پیکیج درست نہ ہونے سے تجربہ کار ڈاکٹروں کی اکثریت بیرون ملک جارہی ہے اس موقع پر پروفیسر ستار ہاشم نے کہا کہ جناح اسپتال کے نیوروسرجری یونٹ میں دماغی کینسر ٹیومرکے علاج کیلیے مزید مراکزقائم کیے جائیں ان کا کہنا تھا کہ دماغی کینسر کی فوری تشخیص کرکے کامیاب علاج کیا جاسکتا ہے انھوں نے کہاکہ گامانائف اسٹریوتکنیک کے ذریعے دماغی ٹیومرکا بہتر علاج موجود ہے،دماغٖی کینسر ٹیومر کا مکمل اورکامیاب علاج  ہورہا ہے تاہم اس مرض کی فوری تشخیص ضروری ہے، عالمی نیورو سرجری کانفرنس میں ماہرین دماغ نے مختلف امراض پر ہونے والی جدید تحقیق کے 70خصوصی مقالے پیش کیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔