نجی کمپنیاں ملازمین کو بیروزگار نہ کریں تنخواہ حکومت دے گی، سعودی فرمانروا

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 اپريل 2020
سعودی فرمانروا کورونا وائرس کی وجہ سے بند نجی کمپنیوں کے ملازمین کی تنخواہیں ادا کریں گے، فوٹو : فائل

سعودی فرمانروا کورونا وائرس کی وجہ سے بند نجی کمپنیوں کے ملازمین کی تنخواہیں ادا کریں گے، فوٹو : فائل

ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا وائرس کی وجہ سے بند نجی کمپنیوں کے ملازمین کو حکومت کی جانب سے 60 فیصد تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا وائرس کے باعث بند صنعتوں کے نجی ملازمین کو بیروزگار ہونے سے بچانے کے لیے 60 فیصد تنخواہ حکومت کی جانب سے ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

شاہی فرمان میں صنعت کاروں کو اپنے ملازمین کو برطرف نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مشکل گھڑی میں تین مہینے کے لیے حکومت ان ملازمین کی ماہانہ تنخواہ کا 60 فیصد تک ادا کرے گی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : کورونا وائرس ؛ مکہ اور مدینہ میں کرفیو نافذ

سعودی وزیر خزانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے باعث صنعتیں بند ہیں اور ڈیلی ویجز اور تنخواہ دار ملازمین کے بیروزگار ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے اس لیے صنعت کاروں کو یہ رعایت دی گئی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 58 ہزار ہلاکتیں، متاثرین 10 لاکھ 80 ہزار سے بڑھ گئے 

واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 39 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے 25 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ مکہ، مدینہ، طائف اور دمام سمیت دیگر شہروں میں کرفیو نافذ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔