کورونا وائرس ؛ شوہر پہلی بیوی کے پاس موجود، دوسری اہلیہ کا کرفیو پاس کا مطالبہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 اپريل 2020
اردن میں کورونا وائرس کی وجہ سے ایک ہفتے قبل کرفیو نافذ کیا گیا ہے، فوٹو : فائل

اردن میں کورونا وائرس کی وجہ سے ایک ہفتے قبل کرفیو نافذ کیا گیا ہے، فوٹو : فائل

عمان: اردن میں ایک خاتون نے کرفیو پاس جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا شوہر پہلی بیوی کے گھر ہے اور کرفیو کے باعث واپس نہیں آسکتا۔ 

عرب میڈیا کے مطابق اردن کی ایک رہائشی خاتون نے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے روتے ہوئے حکام سے کرفیو پاس جاری کرنے کی استدعا کی تاکہ وہ اپنے شوہر سے ملنے جا سکیں جو اس وقت اپنی پہلی بیوی کے گھر پر ہیں اور کرفیو کی وجہ سے باہر نہیں نکل سکتے۔

یہ پڑھیں : نجی کمپنیاں ملازمین کو بیروزگار نہ کریں تنخواہ حکومت دے گی، سعودی فرمانروا

مذکورہ خاتون نے مزید بتایا کہ ان کا شوہر 12 دن قبل پہلی بیوی کے گھر گیا تھا اور واپسی والے دن کرفیو نافذ کردیا گیا جس کی وجہ سے وہیں محصور ہوکر رہ گئے ہیں اس لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مجھے کرفیو پاس جاری کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : کورونا وائرس متاثرین کی یاد: چین میں ایک روزہ سوگ، 3 منٹ کی خاموشی

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 56 ہزار 985 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اردن میں اس وائرس کے مصدقہ 310 مریض ہیں جب کہ 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔