پاکستان ایڈز سے متاثر خطرناک ممالک میں شامل ہے

اسٹاف رپورٹر  پير 2 دسمبر 2013
نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام عملاًختم، عالمی بینک نے انسداد ایڈز کیلیے امداد بند کردی۔ فوٹو: فائل

نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام عملاًختم، عالمی بینک نے انسداد ایڈز کیلیے امداد بند کردی۔ فوٹو: فائل

کراچی: عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کو ایڈز سے متاثرہ خطرناک ممالک کے زون میں شامل کرلیا۔

ایڈز کے عالمی دن پر جاری رپو رٹ میں عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایڈزکے مریضوںکی تعداد ایک لاکھ سے تجاوزکر چکی ہے جبکہ ملک بھر میں علاج کے صرف 15 مراکز قائم ہیں، اٹھارویں ترمیم کے بعد سے اب تک ایڈز کنٹرول پروگرام کے مستقبل کا فیصلہ نہیں ہوسکا جس سے نہ صرف تشخیص کا عمل متاثر ہوا ہے بلکہ عالمی امداد بھی رک گئی ہے اس طرح پاکستان کو ایڈز سے متاثر دنیا کے خطرناک ممالک کے زون میں شامل کرلیا گیا ہے،  واضح رہے کہ پاکستان میں ایڈز وائرس کے خاتمے کیلیے عالمی بینک امداد فراہم کرتا تھا جوگزشتہ 3 سال سے امداد روک دی گئی۔

سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام عالمی بینک کے تعاون سے کام کرتا تھا لیکن امداد روکنے سے حکومت سندھ نے اپنی مدد آپ کے تحت سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کو رقم فراہم کی تاکہ سندھ میں متاثرہ افراد کا علاج جاری رکھا جائے،2 سال قبل 18ویں ترمیم کی منظوری کے بعد نیشنل ایڈز کنٹرول کے مستقبل کا فیصلہ نہیں ہوسکا ہے، نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام عملاً ختم ہوگیا ہے کیونکہ صوبائی خودمختاری کے بعد صحت کے تمام پروگرام صوبائی حکومتوں کو منتقل کردیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔