کراچی، ٹارگٹ کلنگ میں اچانک تیزی، فائرنگ اور تشدد کے واقعات، پولیس اہلکار سمیت 10 افراد ہلاک

اسٹاف رپورٹر  پير 2 دسمبر 2013
کلاکوٹ اورچاکیواڑہ میں غواکے بعد2قتل،مزارقائدپرخوجہ برادری سے تعلق رکھنے والے2افرادنشانہ بنے،پولیس اہلکارنیوکراچی خمیسوگوٹھ میں ماراگیا،لیاری ایکسپریس وے اور بہادرآباد میں2 ہلاکتیں، ڈاکس، فیریئر اور سائٹ سے3لاشیں ملیں،خاتون زخمی۔ فوٹو: فائل

کلاکوٹ اورچاکیواڑہ میں غواکے بعد2قتل،مزارقائدپرخوجہ برادری سے تعلق رکھنے والے2افرادنشانہ بنے،پولیس اہلکارنیوکراچی خمیسوگوٹھ میں ماراگیا،لیاری ایکسپریس وے اور بہادرآباد میں2 ہلاکتیں، ڈاکس، فیریئر اور سائٹ سے3لاشیں ملیں،خاتون زخمی۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میںاچانک تیزی آگئی،فائرنگ اورتشدد کے واقعات کے دوران پولیس اہلکار سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ گل محمدلائن گلی نمبر2میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے22سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا، مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق ہلاک ہونیوالا کالعدم پیپلزامن کمیٹی کے عذیربلوچ کے کمانڈرفیصل پٹھان کاکارندہ تھا۔چاکیواڑہ کے علاقے گلستان کالونی خالدیہ مسجدروڈ ، مسجدکے سامنے فائرنگ سے25سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا،مقتول کے پاس سے ایک پستول ملی تاہم شناخت نہیں ہوسکی۔ گرومندر کے قریب مزارقائدتنظیم گیٹ کے سامنے نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 24 سالہ مصدق عرف مدبر حسین اور اس کا دوست26 سالہ حیدر علی ہلاک ہوگئے،ہلاک ہونے والے سولجر بازار نمبر3 کے رہائشی اورخوجہ برادری سے تعلق رکھتے تھے،مقتول حیدر علی کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہیں جبکہ مصدق کی ربیع الااول میں شادی طے تھی،مقتول مصدق نجی ایئرلائن کا ملازم جبکہ حیدر سبیلیں لگاتاتھا۔

نیوکراچی خمیسو گوٹھ میں موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار45سالہ تصور اور30سالہ قربان جیلانی زخمی ہو گئے جنھیںعباسی شہید اسپتال لایا گیا جہاں تصور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا ،مقتول نارتھ ناظم آباد پولیس لائن کا رہائشی اور نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے میں تعینات تھا۔بہادرآبادکے میراں محمد شاہ روڈبنگلہ نمبر D-1 کے قریب پراسرارطور پر فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ 30 سالہ کلیم خان ہلاک ہوگیا، پولیس نے جائے وقوع سے کلیم خان کے دوست آصف کو حراست میں لے لیا ہے،آصف نے ابتدائی بیان دیا ہے کہ کلیم خان اسے اسلحہ چلانے کی تربیت دے رہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔ڈاکس کے علاقے میںکچراکنڈی سے بوری میں بند15سالہ لڑکے کی لاش ملی اسے نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا اور شناخت مٹانے کی غرض سے اس کے چہرے پر تیزاب یاکوئی اور مائع ڈال کرچہرا جھلسادیا جس کی وجہ سے اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔فیریئرریس کورس گرائونڈکے قریب سڑک کنارے نامعلوم شخص کی لاش ملی جوکہ پراسرار طور پرہلاک ہوگیا ، عمر تقریباً 40 برس معلوم ہوتی ہے ،اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔

سائٹ ایریاکے علاقے میں واقع مقامی فیکٹری کے اندرسے سوختہ لاش ملی جس کی شناخت 20سالہ ارشادعلی کے نام سے ہوئی جواسی فیکٹری کاملازم تھااوررات گئے فیکٹری میںکام کے دوران اس کاہاتھ مشین میں آگیااور اسی دوران کیمیکل بھی اس پرگرپڑاجس سے وہ جھلس کردم توڑگیا۔سرشاہ سلیمان روڈ لیاری ایکسپریس وے پانامہ سینٹرکے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے کارسوار30سالہ شیخ محمد شعیب ہلاک ہو گیا۔سرسیدٹائون میں نامعلوم سمت سے آنیوالی گولی لگنے سے55سالہ خاتون خورشیدجہاں ہوگئی۔چاکیواڑہ کے علاقے گلستان کالونی میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے کی شناخت25سالہ ارسلان عرف زکوٹا ولد وحید کے نام سے کر لی گئی ، مقتول گلستان کالونی میں واقع ہزارہ محلے کا رہائشی اور لیاری گینگ وار عزیر گروپ کے کمانڈر فیصل پٹھان کا کارندہ اور متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا ، مقتول کے قبضے4ہزار روپے سے زائد کی نقدی ، 2موبائل فون اور ایک پستول ملا تھا جو پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا اور نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔