رواں برس کورونا وائرس کا خاتمہ ممکن نظرنہیں آتا، امریکی سائنس داں

ویب ڈیسک  پير 6 اپريل 2020
امریکی صدر کے مشیر صحت ڈاکٹر فاؤچی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا میں کورونا وبا موسمی نوعیت اختیار کرسکتی ہے۔ خبررساں ایجنسی

امریکی صدر کے مشیر صحت ڈاکٹر فاؤچی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا میں کورونا وبا موسمی نوعیت اختیار کرسکتی ہے۔ خبررساں ایجنسی

 واشنگٹن: متعدی امراض کے امریکی ماہر نے رواں برس کورونا وائرس کا مکمل خاتمہ نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر کے مشیر صحت، وہائٹ ہاؤس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن اور امریکا کے قومی ادارہ برائے الرجی اور  متعدی امراض کے سربراہ ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے ایک امریکی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ غالب امکان ہے کورونا وائرس موسمی نوعیت اختیار کرلے گا کیوں کہ عالمی سطح پر اس کی مکمل بیخ ممکن نظر نہیں آتی۔

ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا تھا کہ اس سال پوری دنیا سے کورونا وائرس وبا کا خاتمہ مشکل نظر آتا ہے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ زکام  کے اگلے موسم میں یہ وبا امریکا میں ایک بار پھر سر اٹھا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: گرمی بڑھنے پر بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری رہ سکتا ہے، چینی ماہرین

ان کا کہنا تھا کہ وبا کے دوبارہ پھیلنے کے خدشات کے باعث امریکا میں اس کے مقابلے کی پہلے سے بہتر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اس میں ویکسین کی تیاری، طبی آزمائش اور علاج معالجے کے دیگر طریقوں پر تحقیق بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیے: امریکا نے ملیریا کی عام دوا کووڈ 19 مرض کے لیے منظورکرلی

انتھونی فاؤچی نے خبر دار کیا کہ جن امریکی ریاستوں میں تاحال عوام کو گھروں تک محدود کرنے کے اقدامات نہیں کیے گئے ہیں وہ پورے ملک سے بڑھ کر خود کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ واضح رہے امریکا میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں روز بہ روز بڑھتی جارہی ہیں اور وہاں وبا کے باعث 9 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔