مزید 397 افراد کورونا کا شکار؛ ملک بھرمیں مریضوں کی تعداد 3505 ہوگئی

ویب ڈیسک  پير 6 اپريل 2020
ملک بھر میں کورونا کے 35875 ٹیسٹ کیے جا چکے فوٹو: فائل

ملک بھر میں کورونا کے 35875 ٹیسٹ کیے جا چکے فوٹو: فائل

 کراچی: ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 397 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3505 ہوگئی ہے۔

قومی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 397 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3278 ہوگئی جن میں 259 صحت یاب ہوگئے ہیں۔ وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 50 ہوگئی جب کہ 17 کی حالت تشویش ناک ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 1708، سندھ میں 881، خیبر پختونخوا میں 405، بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 211، اسلام آباد میں 82 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا کے 16 مریض ہیں۔

کورونا کے 35 ہزار 875 ٹیسٹ

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1933 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے 35 ہزار 875 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

اسکولوں کی فیس میں رعایت

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ چھٹیوں کے دوران پنجاب کے تمام نجی اسکولوں کی فیس 20 فیصد کم اور صرف ماہانہ بنیاد پر وصول کی جائے۔ اس دوران اسکولوں کو تمام اساتذہ اور عملے کی تنخواہوں کی مکمل اور بروقت ادائیگی کا پابند بنایا جائے گا اور کسی اسکول کو اساتذہ یا عملے کو نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

12 ہزار روپے فی خاندان ملنا شروع ہوجائیں گے

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے حقداروں کو 12 ہزار روپے فی خاندان ملنے کاسلسلہ شروع ہوجائے گا۔

لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے میں لاک ڈاؤن میں ایک ہفتے تک توسیع کردی گئی ہے۔ جس کے بعد 14 اپریل تک لاک ڈاؤن رہے گا۔ اشیائے ضروریہ کی دکانیں صبح 9 سے شام 5 بجے تک جب کہ دودھ اور دہی کی دکانیں رات 8 بجے تک کھلیں گے۔

پاک افغان سرحد کھل گئی

ایکسپریس نیوز کے مطابق افغان حکومت نے پاکستان سے درخواست کی تھی کہ پاک افغان سرحد پر آمدورفت کو عارضی طور پر بحال کیا جائے تاکہ افغان شہری وطن واپس آ سکیں، جس پر پاکستان نے انسانی بنیادوں اور جذبہ خیر سگالی کے تحت پاک افغان سرحد کو 9 اپریل تک یک طرفہ پیدل آمدروفت کے لیے عارضی طور پر کھول دیا ہے۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔