کورونا وائرس کے سبب معروف ڈاکٹر عبد القادر سومرو جاں بحق

اسٹاف رپورٹر  پير 6 اپريل 2020
ڈاکٹر عبد القادر نے الخدمت اسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے خصوصی وارڈ بھی تیار کروایا (فوٹو: فائل)

ڈاکٹر عبد القادر نے الخدمت اسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے خصوصی وارڈ بھی تیار کروایا (فوٹو: فائل)

 کراچی: کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے معروف ماہر امراض جلد ڈاکٹر عبد القادر سومرو خالق حقیقی سے جاملے۔

گلشن حدید سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عبد القادر سومرو مریضوں کو سہولیات دینے میں مصروف تھے۔ اسی دوران 2 اپریل کو ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس پر انہیں انڈس اسپتال میں داخل کیا گیا اور آئیسولیشن میں رکھ کر علاج کیا جاتا رہا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور پیر کو خالق حقیقی سے جاملے۔

انہوں نے الخدمت اسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے خصوصی وارڈ بھی تیار کیا جس میں تین وینٹی لیٹرز نصب کیے گئے۔ ڈاکٹر عبدالقادر سومرو پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ کے سابق صدر، اسٹیل ملز اسپتال کے سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال کے سابق ایم ایس، اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے سابق ناظم، الخدمت اسپتال تھرپارکر کے موجودہ ایم ایس اور الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے نائب صدر تھے۔

ڈاکٹر عبد القادر سومرو کی وفات پر پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور صحت کے شعبہ سے تعلق رکھنے والی مختلف تنظیموں و افراد نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔