کرپشن میں ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے، شہباز شریف

نمائندہ ایکسپریس  پير 2 دسمبر 2013
وزیراعلیٰ پنجاب نے بڑھتی مہنگائی پرمتعلقہ محکموں کی ناقص کارکردگی کانوٹس لے لیا. فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب نے بڑھتی مہنگائی پرمتعلقہ محکموں کی ناقص کارکردگی کانوٹس لے لیا. فوٹو: فائل

لاہور: وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پنجاب میںبڑھتی مہنگائی اوراس ضمن میںبعض سرکاری محکموںکی ناقص کارکردگی کانوٹس لیتے ہوئے قیمتوںکی مانیٹرنگ سے منسلک محکموںکے افسروںاور منتخب عوامی نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ ہرصورت میں کم ازکم3 مرتبہ سبزی اور پھل منڈیوں کے اچانک دورے کریں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ معمول کے اتوار بازاروں کے علاوہ بھی ڈیڑھ سوسے زائدخصوصی سستے بازار لگاکر عوام کو فوری ریلیف دیاجائے جبکہ کرپشن میں ملوث مارکیٹ کمیٹیوںکے چیئرمین اوراہلکاروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ واضح رہے کہ شہبازشریف نے صوبے کے دیگرشہروں کے اتواربازار چیک کرنے کے لیے سرکاری حکام اورعوامی نمائندوں پرمشتمل ٹیموںکواپنے جہازاور ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی بھی اجازت دی ہوئی ہے۔ دریںاثنا وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہاکہ تحریک انصاف ایک طرف ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کررہی ہے اور دوسری جانب غیرملکی امداد بھی حاصل کررہی ہے یہ کیسا تضاد ہے۔

ہم نے ڈھائی سال قبل مئی2011 میں ایسی غیرملکی امداد لینا بند کردی تھی جو بے گناہ پاکستانیوں کے خون میں لتھڑی ہو اور آج بھی اس فیصلے پر قائم ہیں۔ امریکاسے دوستی امدادکے بغیربھی ہوسکتی ہے۔ موجودہ حکومت کے 5ماہ میں کرپشن کا ایک بھی اسکینڈل سامنے نہیں آیا جو بہت بڑی بات ہے۔ ہم نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بجلی اورگیس چوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی۔ قوم سے وعدہ ہے کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنائیں گے اور عوام ایک سال کے اندر تھانہ کلچر میں تبدیلی دیکھیں گے۔ مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائزمنافع خوری کے مرتکب افراد سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ آن لائن کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک سال میں صوبے میں بڑی تبدیلیاں لائیں گے۔ سولر انرجی کا پہلا کمرشل منصوبہ پنجاب میں لگے گا۔ 13لاکھ خاندانوں کو خدمت کارڈ جاری کریںگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔