کورونا وائرس؛ اپریل کے آخر تک روزانہ 25 ہزار ٹیسٹ کیے جائیں گے،اسد عمر

ویب ڈیسک  منگل 7 اپريل 2020
وفاق براہ راست مالی امداد اور طبی سامان فراہم کریے گے صوبوں کو رقوم نہیں دی جائیں گی، اسد عمر۔ فوٹو، فائل

وفاق براہ راست مالی امداد اور طبی سامان فراہم کریے گے صوبوں کو رقوم نہیں دی جائیں گی، اسد عمر۔ فوٹو، فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اپریل کے آخر تک کورونا وائرس کے روزانہ 25ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی جائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے ٹیسٹنگ بنیادی اہمیت رکھتی ہے اس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ پہلے 700سے 800 ٹیسٹ روزانہ کیے جارہے تھے اور اب اسے2 ہزار یومیہ کرلیا گیا ہے، گزشتہ روز 3 ہزار ٹیسٹ کیے گئے۔ مزید ٹیسٹنگ مشینیں لائی جارہی ہیں۔ حکومت نے ہدف متعین کیا ہے کہ اپریل کے آخرتک روزانہ 25 ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی جائے گی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے ذریعے 1 کروڑ 20 لاکھ خاندانوں تک 12 ہزار روپے پہنچانے کی تیاری کرلی گئی ہے اور 9 اپریل سے 40 لاکھ خاندانوں تک 16 ہزار 923 تقسیم کے پوانٹس کے ذریعے رقم کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے طبی عملے کے لیے حفاظتی سامان صوبوں کو دیا جارہا تھا تاہم جمعرات سے  وفاق یہ سامان اور آلات براہ راست اسپتالوں تک پہنچائے گا۔ اس کے لیے ملک کے ایسے 400 اسپتالوں کی نشان دہی کی گئی ہے جہاں وینٹی لیٹر دست یاب ہیں ، ان میں 153 ایسے اسپتال بھی شامل ہیں جہاں پانچ سے زیادہ وینٹی لیٹر موجود ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صوبوں کے بعض نمائندوں کی جانب سے شکایت کی جارہی ہے کہ وفاق انہیں فنڈز فراہم نہیں کررہا۔ یہ واضح رہنا چاہیے کہ وفاق طبی عملے کو سامان کی فراہمی، ایک کروڑ سے زائد خاندانوں کی مالی معاونت اور یوٹیلیٹی اسٹورز وغیرہ کے ذریعے ہی مدد کرے گا براہ راست رقوم فراہم نہیں کی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔