وباء کے تیزی سے پھیلنے کے خدشات؛ سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  منگل 7 اپريل 2020
مجھے ابتدائی 7 روز والا لاک ڈاؤن چاہئے، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی متعلقہ اداروں کو ہدایت ۔ فوٹو : فائل

مجھے ابتدائی 7 روز والا لاک ڈاؤن چاہئے، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی متعلقہ اداروں کو ہدایت ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: سندھ حکومت نے کورونا وباء کے تیزی سے پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

 

ملک کے نجی اسپتالوں  کے مالکان،  سی ای اوز اور ممتاز ڈاکٹرونے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے 14 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن میں توسیع کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ بصورت دیگر کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس کے شرکا  سے کہا کہ وہ کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے ان کی حمایت، تعاون اور رہنمائی چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے میں نے آپ کو یہاں مدعو  کیا ہے۔

تمام ڈاکٹروں نے وزیر اعلیٰ سندھ  کی کاوشوں اور فوری اقدامات کو سراہا اور کہا کہ اگر وہ بروقت اقدامات نہ کرتے تو صورتحال قابو سے باہر ہوجاتی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو مشورہ دیا کہ 14 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن کو آسان نہ کریں، اگر لاک ڈاؤن واپس لیا گیا تو یہ وائرس جنگل کی آگ کی طرح پھیل جائے گا، شہر کی ایک بڑی آبادی کچی آبادیوں میں رہتی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ اس معاملے پر اپنی کابینہ اور دیگر اسٹیک ہولڈر سے مشاورت کریں گے، نجی اسپتالوں کے تمام سی ای اوز اور مالکان نے وزیر اعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ جب بھی صوبائی حکومت کو ضرورت ہو گی تو وہ  انھیں سازوسامان، افرادی قوت، تکنیکی اور ماہرانہ مدد فراہم کریں گے۔

دریں اثنا وزیراعلی ہاؤس میں کابینہ کے اہم ارکان کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سڑکوں اور دکانوں پر رش پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے پولیس، رینجرز کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے صوبے میں لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،  وزیر اعلی سندھ نے ہدایت کی مجھے ابتدائی7  روز والا لاک ڈاؤن چاہیے، بلا ضرورت کسی کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہ دی جائے، کورونا وائرس کے اعداوشمار تشویشناک ہیں، عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ گھروں پر رہیں، ایسا نہ ہو کہ بہت دیر ہوجائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔