پی آئی اے کی پائلٹس تنظیم پالپا اور حکومت میں مذاکرات کامیاب، فضائی آپریشن بحال

ویب ڈیسک  منگل 7 اپريل 2020
سیکرٹری ایوی ایشن کی پالپا وفد کو کیبن کریو کے لیے حفاظتی اقدامات کی یقین دہانی . فوٹو : فائل

سیکرٹری ایوی ایشن کی پالپا وفد کو کیبن کریو کے لیے حفاظتی اقدامات کی یقین دہانی . فوٹو : فائل

 اسلام آباد: پی آئی اے کی پائلٹس تنظیم پالپا اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے  بعد فضائی آپریشن بحال ہوگیا اور کراچی سے لندن اور لاہور سے ٹورنٹو کے لیے پروازیں روانہ ہوگئیں جب کہ راولپنڈی سے ایک پرواز پھنسے پاکستانیوں کو لانے بغداد چلی گئی۔

پی آئی اے انتظامیہ اور پائلٹس تنظیم پالپا کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، دونوں فریقین نے معاہدے پر دستخط کردیئے جس کے تحت پی آئی اے انتظامیہ پائلٹس کوحفاظتی سامان فراہم کرنے کی پابند ہوگی، پائلٹس قومی ایئرلائن کی تمام شیڈول اور خصوصی پروازیں اُڑانے کے پابند ہوں گے، کورونا کے باعث اگر کوئی پائلٹ طیارہ اڑانے سے انکار کرے تو اسے لکھ کر دینا ہوگا۔

مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد فضائی آپریشن بحال ہوگیا اور کراچی سے لندن اور لاہور سے ٹورنٹو کے لیے پروازیں روانہ ہوگئیں جب کہ راولپنڈی سے ایک پرواز پھنسے پاکستانیوں کو لانے بغداد چلی گئی۔

دوسری طرف پاک فضائیہ کے ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے پی آئی اے کو خصوصی طیارہ سی ون تھرٹی دے دیا، یہ طیارہ کراچی سے 13 پائلٹس کو لے کر اسلام آباد پہنچے گا۔

سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان اور پوری دنیا ایک جنگی صورتحال سےگزر رہی ہے، پی آئی اے اپنے ہم وطنوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔