کورونا وائرس؛ اوورسیز پاکستانیوں کی مدد کے لیے حکمت عملی تیار

ویب ڈیسک  جمعرات 9 اپريل 2020
ٹائیگر فورس کے بیرون ملک موجود ارکان مشہور شخصیات سے فنڈز جمع کرکے پاکستانیوں کی مدد کریں گے (فوٹو: فائل)

ٹائیگر فورس کے بیرون ملک موجود ارکان مشہور شخصیات سے فنڈز جمع کرکے پاکستانیوں کی مدد کریں گے (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: حکومت نے مختلف ممالک میں محصور اوورسیز پاکستانیوں کی مدد کے لیے انہیں راشن پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی۔

معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری اور معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی ملاقات ہوئی۔ جس میں دنیا بھر میں پھنسے پاکستانیوں کو راشن پہنچانے کے لیے وزارتوں کی مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جب کہ ملاقات کے دوران بیرون ملک پاکستانیوں کو ٹائیگر فورس میں شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ ٹائیگر فورس کے بیرون ملک میں موجود ارکان مشہور شخصیات اور مخیر حضرات سے فنڈز جمع کریں گے اور مخیر حضرات کی مدد سے ہی راشن کی تقسیم کو یقینی بنائیں گے۔ یہ فنڈز دنیا بھر میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے راشن کی فراہمی پر استعمال ہوں گے۔

زلفی بخاری نے یہ بھی کہا کہ رجسٹریشن کے عمل کے لیے وزارت اوورسیز اور ٹائیگر فورس ایک مشترکہ پورٹل کا قیام کرے گی، رجسٹریشن کے عمل کے بعد چند دنوں میں ذمہ داریاں سونپ دی جائیں گی جب کہ اسی مقصد کے لیے پیر سے ایک ویب سائٹ کا آغاز بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت اور وزیراعظم کے لیے کورونا سے لڑنا ایک بڑا ٹاسک ہے جب کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے راشن کی فراہمی بھی ہمارے لیے ایک اہم ذمہ داری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔