سندھ بھر میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی نماز جمعہ کے اوقات میں کرفیو کا سماں

ویب ڈیسک  جمعـء 10 اپريل 2020
جمعے کو تین گھنٹے کے لیے لاک ڈاؤن سے مستثنی کاروبار بھی بند رہے (فوٹو: فائل)

جمعے کو تین گھنٹے کے لیے لاک ڈاؤن سے مستثنی کاروبار بھی بند رہے (فوٹو: فائل)

کراچی: سندھ بھر میں مسلسل دوسرے جمعے بھی لاک ڈاؤن پر شدید سختی سے عمل کیا گیا۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں مسلسل دوسرے جمعے کو بھی لاک ڈاؤن کے دوران پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد کیا گیا۔ دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک تمام کاروباری سرگرمیاں بند رہیں جبکہ عوامی نقل وحرکت مکمل محدود کردی گئی۔ صوبے بھر میں تمام مذہبی اجتماعات پرپابندی رہی، مساجد میں پیش امام، موذن اور انتظامیہ کے 3 سے 5 افراد کو باجماعت نماز اجازت تھی۔

یہ بھی پڑھیں: لاک ڈاؤن ایک ہفتہ بڑھا کر مزید سخت کرنا چاہتے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، ادویات، خوراک اور دیگر لازمی اشیا کی صنعتیں، ڈسٹری بیوٹرز، ڈاکٹرز، نیم طبی عملہ، بجلی پانی اور گیس کی فراہمی پر مامور اداروں کے عملے پر پابندی کا اطلاق نہیں تھا۔ اس کے علاوہ سیلولر فون سروس کمپنیز کا ضروری عملہ اور کال سینٹر ایجنٹس پابندی سے مستشنی تھے۔

یاد رہے کہ کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں گزشتہ ہفتے ہونے والے پرتشدد واقعے کے بعد پولیس، رینجرز اور پاک آرمی کے اہلکار تعینات کیے گئے۔ گزشتہ ہفتے نماز جمعہ کے دوران پولیس اور مکینوں میں تصادم ہوا تھا، تصادم کے بعد مسجد انتظامیہ سمیت 6افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔