پنجاب یونیورسٹی میں گرفتاریوں کے خلاف اسلامی جمعیت طلبا کا شدید احتجاج، بس کو آگ لگادی

ویب ڈیسک  پير 2 دسمبر 2013
اسلامی جمعیت طلبا کے کارکنوں نے پنجاب یونیرسٹی کے اطراف واقع دیگر سڑکوں پر بھی احتجاج کیا۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

اسلامی جمعیت طلبا کے کارکنوں نے پنجاب یونیرسٹی کے اطراف واقع دیگر سڑکوں پر بھی احتجاج کیا۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

لاہور: پنجاب یونیورسٹی لا کالج میں اساتذہ کے ساتھ ہاتھا پائی کے بعد طلبہ تنظیم اسلامی جمعیت طلبا اور انتظامیہ کے درمیان جاری لڑائی مادر علمی سے سڑکوں پر آگئی ہے، پولیس کی جانب سے ہاسٹل واگزار کرانے پر مشتعل افراد نے یونیورسٹی کے اطراف کی سڑکوں پر احتجاج کرتے ہوئے ایک بس کو آگ لگا دی۔  

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیر کی صبح پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ نے پولیس کے مدد سے یونیورسٹی کی طالبات کے لئے مخصوص ہاسٹل نمبر 16 کو واگزار کرانے کے لئے کارروائی شروع کی تو اسلامی جمعیت طلبا کے کارکنوں نے اس اقدام کے خلاف شدید مزاحمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں اور انتظامیہ پر پتھراؤ کیا۔ پولیس کی جانب سے جمعیت کے کئی کارکنوں کی گرفتاری پر احتجاج ختم ہوا تو پولیس نے ہاسٹل کو طالبات کے حوالے کردیا۔

واقعے کے بعد جمعیت کے کارکنوں نے یونیورسٹی کے اندر اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر احتجاج شروع کردیا اور طلبہ نے پبلک ٹرانسپورٹ پر پتھراؤ کیا اور گاڑیوں کی چابیاں نکال کر بھاگ گئے جس سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا، اسی دوران وحدت روڈ پر 10 سے 12 طلبا نے ایک بس کو روک کر ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پیٹرول سے بھرے پولیتھین بیگ پھینک کر بس کو آگ لگادی۔ انتظامیہ کی جانب سے پولیس کو دوبارہ طلب کیا گیا جنہوں نے ہاسٹل نمبر 16 کے علاوہ اطراف میں واقع طلبا کی رہائش کے لئے مختص دیگر ہاسٹلز کی بھی تلاشی لی۔

ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق تلاشی کے دوران ہاسٹل کے کمروں سے شراب کی بوتلیں، گولیاں اور ممنوعہ سامان ملا ہے، دوسری جانب ترجمان اسلامی جمعیت طلبا نے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹل سے شراب کی بوتلیں اورگولی ملنا باعث حیرت نہیں، شراب کی بوتلیں انتطامیہ نے ہنگامی طور پر منگوا ئیں، وی سی صاحب چاہتے تو راکٹ لانچر اور دستی بم بھی برآمد کروا سکتے تھے لیکن حیرت اس بات پر ہے کہ وی سی صاحب نے صرف ایک گولی اور شراب کی 3 خالی بوتلیں برآمد کروائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو چند طلبا نے لا کالج کے اساتذہ کو زدو کوب کرکے انہیں کمروں میں بند کردیا تھا جس کا مقدمہ انتظامیہ نے سی سی ٹی وہ فوٹیج کی مدد سے 40 طلبہ کے خلاف مسلم ٹاؤن تھانے میں درج کرایا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔