ٹوئٹر پر ہے جن کا راج

ثمرین رزاق  منگل 3 دسمبر 2013
140مقبول ترین شخصیات میں سے مقبول ترین؟ ۔ فوٹو : فائل

140مقبول ترین شخصیات میں سے مقبول ترین؟ ۔ فوٹو : فائل

سوشل میڈیا نے جہاں ایک طرف عام لوگوں کو اپنے سحر میں مبتلا کر رکھا ہے تو دوسری جانب دنیا کے بڑے اداروں اور شخصیات خصوصاً فنونِ لطیفہ سے تعلق رکھنے والے افراد میں ’’لائیکس‘‘ اور ’’فالوورز‘‘ کی زیادہ سے زیادہ تعداد پر غیر اعلانیہ جنگ بھی جاری ہے۔

اس بارے میں حال ہی ایک برطانوی اخبار نے مشہوِر زمانہ سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ ’’ٹوئٹر‘‘ کے 140 مقبول ترین یوزرز اور ان کے فالوورز کی تعداد شایع کی ہے۔ زیرنظر مضمون میں ان میں سے سر فہرست شخصیات اور ان کے فالوورز کا احاطہ کیا گیا ہے۔

٭ کیٹی پیری: امریکی ریاست کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ کے کریڈٹ پر نہ صرف متعدد ہٹ البمز ہیں بل کہ وہ موسیقی کے دل دادہ ہر شخص کی پسندیدہ گلوکارہ بھی ہیں۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ فالوورز رکھنے کا اعزاز بھی کیٹی پیری کے حصے میں آیا ہے۔ ٹوئٹر پر نے فالورز کی تعداد چار کروڑ 65 لاکھ 61 ہزارسے بھی تجاوز کر گئی ہے، جب کہ دن بہ دن ان کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

٭جسٹن بائبر: ٹوئٹر پر سب سے زیادہ مقبولیت اور فالورز رکھنے کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر برطانوی گلوکار جسٹن ہیں، جو اپنی متنازعہ شخصیت کے باعث لاکھوں نوجوان دلوں کی دھڑ کن ہیں بلکہ ان کے فالوور میں زیادہ تعداد بھی لڑکیوں کی ہے۔ جسٹن بائبر کے فالوورز کی تعداد چار کروڑ 65 لاکھ 26 ہزار زاید ہے۔

٭ لیڈی گاگا: گلوکاری سے زیادہ اپنی اداؤں اور لباس کی وجہ سے مشہور لیڈی گاگا ٹوئٹر کے سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی سیلے بریٹیز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ ان کے فالوورز کی تعداد 4 کروڑ 3 لاکھ سے زاید ہے۔

٭باراک اوباما: سپر پاور امریکا کے سپر پاور صدر باراک اوباما کی سیاسی بصیرت سے نہ صرف ہر شخص واقف ہے بل کہ اپنے پیش رو کے برعکس انٹر نیٹ پر ان کی مقبولیت کا گراف بھی کافی بلند ہے۔ ٹوئٹر پر امریکی صدر کے فالورز کی تعداد تین کروڑ 92 لاکھ سے بھی زیادہ ہے اور اس فہرست میں ان کا نمر چوتھا ہے۔

٭ٹیلر سوئفٹ: 23 سالہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کا نمبر اس فہرست میں پانچواں ہے۔ ٹوئٹر پر ٹیلر سوئفٹ کے فالوورز کی تعداد 3 کروڑ 61 لاکھ سے زاید ہے۔

٭یو ٹیوب: ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر کوئی شخصیت نہیں بل کہ دنیا کی سب سے مشہور اور متنازعہ ویڈیو شیرنگ ویب سائٹ ’’ یوٹیوب ‘‘ ہے۔ ٹوئٹر پر یوٹیوب کو فالو کرنے والے افراد کی تعداد تین کروڑ 56 لاکھ سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔

٭برٹنی اسپیئرز: گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کا شما رفنون لطیفہ کی ہمہ جہت شخصیات میں ہوتا ہے۔ گلوکاری، رقص، اداکاری اور نغمہ نگاری میںیکساںمہارت رکھنے والی 31 سالہ برٹنی کے ٹوئٹر پر تین کروڑ 37 لاکھ سے زاید فالوورزہیں۔

٭ریہانا: گلوکاری، اداکاری اور فیشن ڈیزائننگ میں نام پیدا کرنے والی گلوکارہ روبائن ریہانا کا تعلق بارباڈوس کے ایک ساحلی شہر سے ہے، لیکن امریکا نے اسے ریہانا کے نام سے بین الاقوامی شہرت عطا کی۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اب خود کو امریکی کہلوانا زیادہ پسند کرتی ہے۔ ٹوئٹر پر ریہانا کے فالوورز کی تعداد تین کروڑ 23 لاکھ سے زاید ہے۔

٭انسٹا گرام: ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والوں کی فہرست میں تین سال قبل متعارف کرائی اپنی نوعیت کی منفرد ویب سائٹ ’’انسٹا گرام‘‘ بھی شامل ہے۔ تصاویراور ویڈیو کو آن لائن شیر کرنے والی سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ انسٹا گرام نے جلد ہی دنیا بھر کے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا اور اسے استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ اس ویب سائٹ کی سب سے خاص بات کسی بھی تصویر اور ویڈیو کو ڈیجیٹل فلٹرز کی مدد سے زیادہ اثر انگیز بنا کر فیس بک، ٹوئٹر، ٹمبلر اور فلکر پر شیر کرنا ہے۔ ٹوئٹر پر انسٹا گرام کے فالوورز کی تعداد دو کروڑ 87 لاکھ سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔

٭جسٹن ٹمبر لیک: دس سال کی عمر میں بطور چائلڈ آرٹسٹ شوبز کے میدان میں قدم رکھنے والے 32 سالہ جسٹن ٹمبر لیک کا نام اب ایک اچھے گلوکار، رقاص، نغمہ نگار، اداکار اور کام یاب بزنس مین کے طور پر لیا جاتا ہے۔ جسٹن کی وجہِ شہرت گلوکارہ برٹنی اسپیئرز، اداکارہ کیمرون ڈیاز اور اسکارلیٹ جانسن کے ساتھ کیے گئے محبت کے جھوٹے وعدے بھی ہیں جس کی انہوں نے ہمیشہ تردید کی ہے شاید یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کے پرستاروں کی دوسرے نوجوان گلوکاروں کی نسبت کم ہے۔ ٹوئٹر پر جسٹن کے فالوورز کی تعداد دو کروڑ 79 لاکھ ہے۔

٭ٹوئٹر: دنیا بھر کی شخصیات کے لیے ہائیڈ پارک جیسا پلیٹ فارم فراہم کرنے والی سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ’’ٹوئٹر‘‘ کو بہ ذات خود پسند کرنے والوں کی تعداد اس کے استعمال کنندہ سے کم ہے۔ ٹوئٹر کے آفیشل اکاؤنٹ کو فالو کرنے والے افراد کی تعداددو کروڑ 63 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق مشہور گلوکارہ جینیفر لوپز اس فہرست میں بارہویں، گلوکارہ شکیرہ چودھویں، ٹی وی میزبان اوپرہ ونفرے سولہویں، اداکارہ کم کرادیشین انیسویں، سیلینا گومز چھبیسویں، بل گیٹس اڑتیسویں اور کرس براؤن چالیسویں نمبر پر ہیں، جب کہ اداروں میں سی این این بریکنگ نیوز اکتالیسویں، سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک چوالیسویں،اخبار نیویارک ٹائمز چھیاسٹھویں، میوزک چینل ایم ٹی وی اڑسٹھویں نمبر ہر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔