رینجرز اور پولیس نے24گھنٹے میں47ملزمان گرفتار کر لیے، اسلحہ برآمد

اسٹاف رپورٹر  منگل 3 دسمبر 2013
کورنگی سے سرکاری اراضی پر قبضے میں ملوث6ملزمان دھر لیے گئے، ایسٹ زون پولیس نے28جرائم پیشہ افراد گرفتار کرلیے  فوٹو :ایکسپریس ۔فائل

کورنگی سے سرکاری اراضی پر قبضے میں ملوث6ملزمان دھر لیے گئے، ایسٹ زون پولیس نے28جرائم پیشہ افراد گرفتار کرلیے فوٹو :ایکسپریس ۔فائل

کراچی: پولیس و رینجرز نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 47 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔

ملزمان میں سرکاری اراضی پر قبضے کرنے والے ملزمان بھی شامل ہیں، سندھ پولیس نے 24 گھنٹے کے دوران 72 ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ، تفصیلات کے مطابق رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں مظفر آباد کالونی، لانڈھی نمبر ایک ، لانڈھی پانچ نمبر ، فیوچر کالونی ، بھٹائی آباد ، لیاقت آباد ایف سی ایریا ، آٹھ چوک لیاری ، مہران ٹاؤن ، پرانا گولیمار اور کٹی پہاڑی پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں اور حراست میں لیے گئے افراد کو تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ، رینجرز کے ترجمان میجر سبطین نے بتایا کہ مذکورہ کارروائیوں کے دوران 9 ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف جرائم میں ملوث 4 ملزمان نذیر ، محمد علی ، یامین احمد ، نوید احمد عرف سائیں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ، کورنگی پولیس نے بسم اللہ اسٹاپ پر کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان اللہ رکھا ولد غلام مصطفی ، شہنشاہ ولد خورشید ، محمد یعقوب ولد مضراب خان ، غلام قادر ولد عبداللطیف ، صدام ولد یعقوب اور یاسین ولد عبدالسمیع گرفتار کرلیے گئے ، ملزمان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، ایس ایچ او کورنگی ملک مظہر نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملزمان سرکاری اراضی پر قبضے میں ملوث ہیں ، ایسٹ زون پولیس نے زون کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 28 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ملزمان میں 2 مفرور بھی شامل ہیں۔

جبکہ ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور ایک مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی ، علاوہ ازیں سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پولیس نے 57 چھاپہ مار کارروائیوں ، 4 پولیس مقابلوں کے دوران 72 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ان میں 7 مفرور بھی شامل ہیں ، 15 ملزمان کو اسلحہ آرڈیننس جبکہ 6 کو نارکوٹکس ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ، ملزمان میں 7 ڈکیت و رہزن جبکہ قتل کے مقدمات میں ملوث 10 ملزمان بھی شامل ہیں ، مجموعی طور پر 26 ہتھیار برآمد کیے گئے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔