ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کورونا وائرس کا شکار

ویب ڈیسک  منگل 21 اپريل 2020
فیصل ایدھی نے حال ہی میں صنعت کاروں کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی

فیصل ایدھی نے حال ہی میں صنعت کاروں کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی

 اسلام آباد: معروف فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی بھی جان لیوا کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

فیصل ایدھی کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آگئی جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔ فیصل ایدھی گزشتہ 6 روز سے اسلام آباد میں موجود ہیں اور انہوں نے دوروز پہلے کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا۔

فیصل ایدھی نے حال ہی میں صنعت کاروں کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں کورونا وائرس سے متعلق وزیراعظم ریلیف فنڈ کے لیے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔

بعدازاں فیصل ایدھی نے نجی چینل کے پروگرام میں وزیراعظم سے اپنی ملاقات کے بارے میں بتایا کہ وزیراعظم نے انھیں پہچانا ہی نہیں اور ان سے کوئی بات نہیں کی۔

جب سب لوگ اٹھ کر جانے لگے تو ایک صنعتکار نے وزیراعظم سے تعارف کرایا کہ یہ عبدالستار ایدھی کے بیٹے ہیں، جس پر وزیراعظم نے ان سے دروازے پر کھڑے کھڑے آدھے منٹ بات کی۔ فیصل ایدھی نے وزیراعظم سے فلاحی کاموں کے لیے ایدھی فاؤنڈیشن کی درآمدات پر ٹیکس چھوٹ کی درخواست کی۔

کورونا وائرس کی مثبت رپورٹ آنے کے بعد اپنے ویڈیو بیان میں فیصل ایدھی نے کہا کہ انہیں بھی متاثرہ افراد کی خدمات کی انجام دہی کے دوران کورونا وائرس ہوا اور اس سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، کورونا وائرس بہت لوگوں کو ہوا اور وہ صحتیاب  بھی ہوچکے ہیں اوروہ بھی جلد صحتیاب ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے ورکرزکو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ بھی گھبرائیں نہیں ہمارا کام کہیں بھی رکنا نہیں چاہیے اوراپنی خدمات جاری رکھیں اور کہیں بھی میری ضرورت ہوئی تو  24 گھنٹے موبائل فونز پر دستیاب ہوں گا اور جب صحتیاب ہوجاؤں گا تو اس جنگ میں آپ سب کے درمیان ہوں گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔