پاکستان میں جولائی تک کورونا متاثرین کی تعداد 2لاکھ تک پہنچ سکتی ہے،عالمی ادارہ صحت

ویب ڈیسک  جمعـء 24 اپريل 2020
سندھ اورپنجاب زیادہ متاثرہ صوبوں میں شامل ہیں، سربراہ عالمی ادارہ صحت 

سندھ اورپنجاب زیادہ متاثرہ صوبوں میں شامل ہیں، سربراہ عالمی ادارہ صحت 

 اسلام آباد: عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جولائی کے وسط تک کورونا متاثرین کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہوسکتی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائس پاکستان کے 115 اضلاع میں پھیل چکا ہے اور اگر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو جولائی کے وسط تک پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہوسکتی ہے، سندھ اورپنجاب زیادہ متاثرہ صوبوں میں شامل ہیں۔

ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ پاکستان میں صحت کا نظام پہلے ہی دباؤ کا شکار ہے اور کورونا نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، کورونا وائرس کے مقابلے کے لیے قومی سطح پرمربوط حکمت عملی اپنانی ہو گی جب کہ ’’ کووڈ نائنٹین رسپانس پلان‘‘ پاکستانی حکومت، اقوام متحدہ اوراس کے شراکت داروں کی مشترکہ حکمت عملی پر منحصر ہے۔

واضح رہے پاکستان میں وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزرا بھی کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں۔ اس وقت ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 11 ہزار 155 ہے جس میں سے 8 ہزار 391 فعال کیسز ہیں، 527 مریض صحت یاب اور 237 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔