افغانستان سے آنے والے 20 پاکستانی قرنطینہ منتقل

ویب ڈیسک  اتوار 26 اپريل 2020
پاک افغان بارڈر سے واپسی کا یہ سلسلہ ہفتے میں  4 دن جاری رہے گا(فوٹو: فائل)

پاک افغان بارڈر سے واپسی کا یہ سلسلہ ہفتے میں 4 دن جاری رہے گا(فوٹو: فائل)

چمن: افغانستان سے واپس آنے والے 20 پاکستانیوں کو قرنطینہ منتقل کردیا گیا۔

پاک افغان سرحد باب دوستی کھلنے کے بعد 20 اپریل سے لے کر اب تک افغانستان میں  پھنسے 202 پاکستانی سرحد پار کرکے وطن واپس پہنچ چکے ہیں جن میں 10 سے زائد خواتین بھی شامل ہیں ان میں 95 فیصد شرح ڈرائیورز کی ہے جبکہ باقی عام افراد شامل ہیں جو غم اور شادی میں  شرکت کے لیے افغانستان گئے تھے۔

واپس آںے والے تمام افراد کو بارڈر کے قریب قائم قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا ہے، ان افراد میں 115 کے نمونے لینے کے بعد صوبے میں  قائم واحد ٹیسٹ سینٹر فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتال کوئٹہ بھیج دئیے گئے جن میں سے گزشتہ روز 26 افراد کے نتائج موصول ہوئے ہیں۔

اس وقت پاک افغان باڈر پر قائم قرنطینہ سینٹر میں 87 افراد کئی روز سے موجود ہیں جن کے ابھی تک نمونے بھی نہیں لئے گئے جبکہ حکام کے مطابق کل مزید ہم وطنوں  نے وطن واپس بھی آنا ہے اور واپسی کا یہ سلسلہ ہفتے میں  4 دن جاری رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔