سفاری پارک میں جدید ہاتھی گھر کی تعمیر مکمل ہوگئی ،رؤف اختر

اسٹاف رپورٹر  بدھ 4 دسمبر 2013
 ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ رئوف اختر فاروقی سفاری پارک میں ہاتھی کو پھل کھلارہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ رئوف اختر فاروقی سفاری پارک میں ہاتھی کو پھل کھلارہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر رؤف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ دنیا کے دیگر سفاری پارکس کی طرز پر سفاری پارک کراچی میں 65 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر جدید ہاتھی گھرکی تعمیر کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

جہاں ہاتھیوں کے نہانے کیلیے تالاب اور آرام کرنے کی جگہ کے ساتھ ساتھ 2800 اسکوائر فٹ پر شیڈ بنائے گئے ہیں جبکہ ہاتھیوں اور سفاری پارک میں تفریح لیے آنے والے افراد کے درمیان فاصلہ رکھنے کیلیے خندق بنائی گئی ہے تاکہ فطری ماحول میں آزادانہ گھومتے ہوئے ہاتھیوں کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچ سکے ،یہ بات انھوں نے سفاری پارک کے دورے میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکری ایشن محمد ریحان خان ، ڈائریکٹر سفاری پارک سلمان شمسی، ڈائریکٹر کے ایم سی بلال منظر اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ 362 ایکڑ رقبے پر مشتمل سفاری پارک ایک وسیع و عریض تفریح گاہ ہے ۔

جو شہریوں کی پہنچ میں ہے لہٰذا اس تفریحی مقام کو دنیا کے دیگر سفاری پارکس کی طرح تمام ضروری سہولیات سے آراستہ کرنا ضروری ہے ،انھوں نے کہا کہ 2 کروڑ روپے کی لاگت سے سفاری پارک کے اندر ڈھائی کلو میٹر طویل اور 24 فٹ چوڑی سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں جبکہ موروں کے انکلوژر کا تعمیراتی کام بھی آخری مراحل میں ہے ، سفاری پارک میں مختلف جانوروں کے پنجرے اور گھاس کے قطعات تک براہ راست پانی پہنچانے کے لیے پورے سفاری پارک میں ایریگیشن سسٹم ڈالا جا رہا ہے،سفاری پارک میں موجود جھیل میں کشتی رانی بھی شروع کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔