ووٹوں کی تصدیق کی سزا؟ حکومت نے چیئر مین نادرا کو برطرف، ہائیکورٹ نے بحال کردیا

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 4 دسمبر 2013
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سمیت دیگر فریقین کو11 دسمبرکیلیے نوٹس جاری ،چیئرمین نادراطارق ملک نے منگل کودوبارہ چارج سنبھال لیا. فوٹو: فائل

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سمیت دیگر فریقین کو11 دسمبرکیلیے نوٹس جاری ،چیئرمین نادراطارق ملک نے منگل کودوبارہ چارج سنبھال لیا. فوٹو: فائل

اسلام آ باد: چیئرمین نادراطارق ملک کوپیرکی رات عہدہ سے ہٹادیاگیا،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے رات ڈیڑھ بجے نوٹیفکیشن ان کے گھروصول کرایا۔

طارق ملک کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے پرعدالت نے ان کی برطرفی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سمیت دیگر فریقین کو11 دسمبرکیلیے نوٹس جاری کردیے ہیں،چیئرمین نادراطارق ملک نے منگل کودوبارہ چارج سنبھال لیا۔جسٹس نورالحق این قریشی نے درخواست کی سماعت کی۔ وقائع نگار کے مطابق طارق ملک نے اپنی برطرفی کے فوری بعد بابر ستار ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائرکی۔درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ11 مئی کے انتخابات میں چیئرمین نادرا طارق ملک نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی بھرپور معاونت کی جو آئین کے آرٹیکل220 کے تحت تمام اداروںکی ذمہ داری ہے، اس ذمہ داری کے تحت نادرا نے ووٹوںکی تصدیق کا عمل جاری رکھا اس دوران چیئرمین کو دھمکیاں بھی ملتی رہی ہیں۔

ان دھمکیوں کے دوران ہی چیئرمین کو عہدے سے بغیر وجہ بتائے اچانک برطرف کر دیا گیا ہے جو خلاف قانون اقدام ہے، اس کوکالعدم قرار دیا جائے۔درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ طارق ملک کیخلاف مس کنڈکٹ کا کوئی الزام نہیں جبکہ ڈی جی بریگیڈیئر (ر) زاہد حسین کیخلاف محکمانہ انکوائری کی جا رہی ہے۔درخواست میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، ڈی جی نادرا بریگیڈیئر زاہد حسین اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے ۔پیپلزپارٹی کے رہنما اورقومی اسمبلی میںاپوزیشن لیڈرسیدخورشید شاہ اور تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹرشیریں مزاری نے چیئرمین نادراکی برطرفی کوانتخابی دھاندلیوں پرپردہ ڈالنے کی کوشش قراردیا ہے۔ خورشیدشاہ نے کہاکہانتخابی دھاندلیوں پرپردہ ڈالنے کیلئے نئی دھاندلی ہے،الیکشن کمیشن کو اس موقع پر واضح طور پر سامنے آکر اپنا کردار ادا کرناچاہئے۔خورشیدشاہ نے پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ انتخابی دھاندلیوں کے الزامات پر وزیر داخلہ چوہدری نثار نے خود اسمبلی میںکھڑے ہوکر یہ پیشکش کی تھی کہ حکومت چالیس حلقوں میں انتخابی عمل  کی چیکنگ کرانے کو تیار ہے، ابھی تو یہ عمل شروع ہی نہیں ہوا تھا کہ اس سے پہلے ہی دھاندلی کو چھپانے کیلئے  چیئرمین نادرا کو برطرف کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔