بلوچستان حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں شروع کردیں

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 30 اپريل 2020
صحت کے شعبے میں سب سے زیادہ رقم مختص کی جائے گی، محکمہ خزانہ بلوچستان۔ فوٹو: فائل

صحت کے شعبے میں سب سے زیادہ رقم مختص کی جائے گی، محکمہ خزانہ بلوچستان۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ: محکمہ خزانہ بلوچستان نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں شروع کردیں، 400 ارب سے زائد کا بجٹ جون کے تیسرے ہفتے میں پیش کیا جائے گا۔

محکمہ خزانہ بلوچستان کے حکام کے مطابق بلوچستان کے آئندہ مالی سال کا بجٹ 19 جون کو متوقع ہے، صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی آئندہ مالی کا بجٹ پیش کریں گے، بجٹ کا مجموعی حجم ساڑے 400 ارب سے زائد متوقع ہے جس میں غیر ترقیاتی بجٹ 340 ارب مختص کیے جانے کی تجویز ہے۔

محکمہ خزانہ بلوچستان نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کے باعث آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صحت کے شعبے میں سب سے زیادہ رقم مختص کی جائے گی، تعلیم دوسری ترجیح ہوگی، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غربت کے خاتمے اور پانچ سے چھ لاکھ نوجوانوں کو کاروبار کے لیے آسان شرائظ پر قرض دینے کے لیے وزیر اعلی بلوچستان کا خصوصی پروگرام بھی شامل کیا جارہا ہے۔

حکام نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے باعث رواں سال ٹیکس کی وصولی نہ ہونے کی وجہ سے آئندہ مالی بجٹ میں خسارہ ہونے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔