قیمتوں پر کنٹرول، مجسٹریسی نظام بحال کیا جائے، ای سی سی

طیارے لینے سے پی آئی اے کی ساکھ بحال ہو گی، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار۔فوٹو:فائل

طیارے لینے سے پی آئی اے کی ساکھ بحال ہو گی، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار۔فوٹو:فائل

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پی آئی اے کیلیے مزید 5 ایئر بس 320 طیارے ڈرائی لیز پر لینے کیلیے ٹینڈر جاری کرنیکی منظوری دی ہے اور دیگر 5 طیاروں کو مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث رد کر دیا۔

کمیٹی نے ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلیے صوبائی حکومتوں کو مجسٹریسی نظام بحال کرنے کی ہدایت کی ہے، اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ وزارت خزانہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے 9 بوئنگ 777 طیاروں کی مرمت کیلئے ایگزم بینک امریکا اور اسلامک کوآپریشن آف انشورنس اینڈ ایکسپورٹ کریڈٹ (آئی سی آئی ای سی) سے پی آئی اے کو قرضے کی فراہمی کیلیے گارنٹی دینے کی منظوری بھی دیدی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مذکورہ طیارے لیز پر حاصل کرنے سے جہاں پی آئی اے میں بہتری آئے گی وہیں ادارے کی ساکھ بھی بحال ہو گی۔ ایگزم بینک کا بوئنگ طیاروں کی بحالی کیلیے قرضے فراہم کرنا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔

اعلامیہ کے مطابق مذکورہ طیاروں کی دیکھ بھال اور مرمت کی ذمے داری مینو فیکچرنگ کمپنی کے بجائے پی آئی اے پر ہو گی۔ ای سی سی نے لیز پر حاصل کئے گئے طیاروں کی مدت بڑھانے کی ہدایت بھی کی تاکہ کم از کم 10 طیاروں کا پول برقرار رکھا جاسکے اور مسافروں کو سہولت میسر رہے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری ہوا بازی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 12.7 ارب روپے کے بیل آئوٹ پیکیج کی فراہمی اور گورننس کی بہتری کے نتیجے میں پی آئی اے کا ماہانہ خسارہ 3.3 ارب روپے سے کم ہو کر 1.5ارب روپے رہ گیا ہے۔ پی آئی اے کے آپریشنل طیاروں کی تعداد 20 سے 26 ہوگئی ہے اس کے نتیجے میں بروقت پروازیں یقینی ہوئی ہیں اور حج آپریشنز کے دوران پروازوں کی تاخیر کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔