برائے مہربانی سمندری ایل کو ویڈیو کال کیجئے، مچھلی گھر انتظامیہ کی عوام سے اپیل

ویب ڈیسک  اتوار 3 مئ 2020
جاپانی ایکویریئیم کے ماہرین نے عوام سے کہا ہے کہ وہ سمندری ایل کو اپنا چہرہ ضرور دکھائیں۔ فوٹو

جاپانی ایکویریئیم کے ماہرین نے عوام سے کہا ہے کہ وہ سمندری ایل کو اپنا چہرہ ضرور دکھائیں۔ فوٹو

ٹوکیو: جاپان میں ایک بڑے ایکویریئم کی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ان کے مچھلی گھر میں رکھےجانور اور بالخصوص ایل سے ویڈیو چیٹ کریں کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے یہ حساس جاندار انسانوں کو بھولتے جارہے ہیں۔

ٹوکیو میں واقع سمیڈا ایکویریئم میں گارڈن ایل نامی خوبصورت سمندری جانور موجود ہیں جو ریت سے سرنکالتے ہیں تو سامنے انسانوں کو پاتے ہیں لیکن اب مچھلی گھر لوگوں سے خالی ہے اور وہ دھیرے دھیرے انسانوں کو بھولتی جارہی ہیں۔ یہ ایل موٹی گھاس کی طرح دکھائی دیتی ہیں اور اسی مناسبت سے انہیں گارڈن ایل کہا جاتا ہے۔ لیکن اب یہ حال ہے کہ ایل انتظامیہ کو دیکھتے ہی اپنا سر مٹی میں چھپالیتی ہیں۔

جانوروں کے برتاؤ کے ماہرین کے مطابق ایل انسانوں کو بھولتی جارہی ہیں اور عملے کو دیکھ کر خوفزدہ ہورہی ہیں۔ اسی بنا پر سوشل میڈیا پر ایک مہم چلائی گئی ہے تاکہ لوگ ویڈیو کال کرکے پیارے بھرے لہجے میں ان سے بات کریں یا انہیں دیکھتے رہیں۔

ٹویٹر پر کہا گیا ہے کہ ایل سمیت کئی سمندری جاندار بیمار ہوگئے ہیں اور انسانوں کو فراموش کرتے جارہے ہیں۔ اب جوں ہی وہ کسی کو اپنی جانب آتا دیکھتی ہیں تو فوراً ریت میں گھس جاتی ہیں۔ اس سے قبل وہ انسانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھا کرتی تھیں۔

ٹویٹر پر عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ ایل کو اپنا چہرہ ضرور دکھائیں۔ اس وقت ایکویریئم میں 300 سے زائد ایل موجود ہیں اور انکے لیے پانچ بڑے ٹیبلٹ لے کر ان کی اسکرین کا رخ ایل کے ٹینکوں کی جانب کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ اس مہم کو 3 سے 5 مئی تک جاری رکھے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔