دنیا کا سب سے چھوٹا ریستوران جہاں ایک شخص ہی بیٹھ سکتا ہے

ویب ڈیسک  منگل 5 مئ 2020
سویڈن کے ایک پرفضا مقام پر دنیا کا سب سے چھوٹا ریستوران کھولا جارہا ہے جہاں ایک وقت میں ایک شخص ہی بیٹھ سکتا ہے۔ فوٹو:بشکریہ اسنارکی ٹریول

سویڈن کے ایک پرفضا مقام پر دنیا کا سب سے چھوٹا ریستوران کھولا جارہا ہے جہاں ایک وقت میں ایک شخص ہی بیٹھ سکتا ہے۔ فوٹو:بشکریہ اسنارکی ٹریول

اسٹاک ہوم: دنیا بھر میں کورونا وبا کے تناظر میں ایک انسان دوسرے سے دور بھاگ رہا ہے۔ لیکن اب سویڈن میں دنیا کا سب سے چھوٹا ریستوران کھولا گیا ہے جس ایک کھلی جگہ پر ایک کرسی اور ایک میز رکھی گئی ہے۔

اس ریستوران کا نام Bord för En یعنی ’ایک شخص کے لیے ٹیبل‘ رکھا گیا ہے۔ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم سے 360 کلومیٹر دور وائرملینڈ کے علاقے میں یہ ریستوران قدرتی سبزہ زار کے عین درمیان 10 مئی کو کھولا جائے گا اور تجرباتی طور پر یکم اگست تک اسے جاری رکھا جائے گا۔

ریستوران میں ایک وقت میں تین ڈشوں پر مشتمل کھانا دیا جائے گا لیکن یہ کھانا کوئی بیرا نہیں لائے گا کیونکہ سماجی فاصلے کا بھرپور خیال رکھا گیا ہے۔ اسی لیے چرخی پر بندھی رسی سے ایک ٹوکری کے ذریعے کھانا لایا جائے گا اور گاہک کے سامنے ریستوران کا کوئی عملہ موجود نہ ہوگا۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ سویڈن میں لاک ڈاؤن پر زور نہیں دیا گیا ہے لیکن باشعور لوگ خود ہی احتیاط اور فاصلے کو یقینی بنارہے ہیں۔ تاہم یہ دلچسپ ریستوران اگر کامیاب ہوگیا تو دوسرے بھی اس پر عمل ضرور کریں گے۔

سویڈن حکومت کے مطابق لاک ڈاؤن سے لوگوں پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں اور اسی وجہ سے اس کی سخت شرائط عائد نہیں کی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔