کراچی میں ہیٹ ویو کا خاتمہ، جمعہ کو شہر کا موسم معتدل رہا

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 8 مئ 2020
دن بھر سمندری ہوائیں چلیں اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.5 ڈگری ریکارڈ ہوا (فوٹو: فائل)

دن بھر سمندری ہوائیں چلیں اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.5 ڈگری ریکارڈ ہوا (فوٹو: فائل)

 کراچی: کراچی میں ہیٹ ویو کا خاتمہ ہوگیا، جمعے کو شہر کا موسم معتدل رہا، دن بھر سمندری ہوائیں چلیں اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر میں ہیٹ ویو کا قبل از وقت خاتمہ ہوگیا، محکمہ موسمیات کی جانب سے 8 مئی تک گرمی کی شدید لہر کی پیش گوئی کی گئی تھی تاہم جمعے کو شہر کا مطلع معتدل رہا، دن بھر سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چلیں جس کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔

چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق ہیٹ ویو کے ابتدائی دو روز کے دوران درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ ہوا تاہم جمعرات اور جمعے کو سمندری ہوائیں متاثر نہیں ہوئیں اور اسی وجہ سے پارہ متوازن رہا، اگلے 48 گھنٹوں کے بعد شہر کا پارہ ایک مرتبہ پھر 35 سے 36 ڈگری کی سطح پر آجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں ماہ کے وسط میں ایک اور ہیٹ ویو کے امکانات بارشوں کے نئے سسٹم کے مخصوص علاقوں میں موجودگی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے اثرات پر منحصر ہے جس کے بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 78 جبکہ شام کے وقت 62 فیصدرہا۔ آج (ہفتے) کو شہر کا مطلع گرم و مرطوب رہنے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔