افغانستان ؛ بم دھماکے میں پولیس چیف بریگیڈیئر جنرل احمد بیازی ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 8 مئ 2020
دھماکے میں پولیس چیف کے دو محافظ بھی ہلاک ہوئے، فوٹو : فائل

دھماکے میں پولیس چیف کے دو محافظ بھی ہلاک ہوئے، فوٹو : فائل

کابل: افغانستان کے صوبے خوست کے پوليس چيف بريگيڈيئر جنرل سيد احمد ببازی دو اہلکاروں سمیت بم دھماکے ميں ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے خوست میں سڑک کنارے نصب بم اس وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے صوبے کے پولیس چیف کی گاڑی گزر رہی تھی۔ دھماکے میں بريگيڈيئر جنرل سيد احمد ببازی شدید زخمی ہوگئے جب کہ دو اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

صوبے خوست کے گورنر کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ خوست پولیس چیف بريگيڈيئر جنرل سيد احمد ببازی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ بريگيڈيئر جنرل سيد احمد ببازی پر عسکریت پسندوں کے خلاف آپريشن کے دوران حملہ کیا گیا تھا۔

خوست کے مقامی طالبان قیادت نے پولیس چیف پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ساتھی جنگجوؤں کی ہلاکت کا بدلہ لیا گیا ہے، اگر ہم پر کارروائیاں بند نہ ہوئیں تو ایسے حملے جاری رہیں گے۔

ادھر امریکا کے خصوصی مندوب برائے افغانستان زلمے خليل زاد نے گزشتہ روز ہی طالبان قیادت سے بات چیت کی ہے جس میں افغان فوج کے خلاف عسکری کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ طالبان سے ملاقات کے بعد زلمے خلیل زاد پاکستان، بھارت اور دوحہ بھی جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔