گزشتہ سال کے مقابلے میں ترسیلات زر ساڑھے 5 فیصد بڑھ گئیں

بزنس رپورٹر  پير 11 مئ 2020
اپریل 2020 میں سب سے زیادہ 45 کروڑ 14 لاکھ ڈالر سعودی عرب سے بھجوائے گئے, فوٹو ، فائل۔

اپریل 2020 میں سب سے زیادہ 45 کروڑ 14 لاکھ ڈالر سعودی عرب سے بھجوائے گئے, فوٹو ، فائل۔

کراچی: رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ کی ترسیلات زر گزشتہ برس کے مقابلے میں ساڑھے 5 فیصد زائد ہوگئی ہیں۔

رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں 18 ارب 78 کروڑ 16 لاکھ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 17 ارب 80 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئی تھیں۔رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ کی ترسیلات گزشتہ مالی سال سے 5.5 فیصد زائد ہیں۔ پچھلے برس کے مقابلے میں اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بھجوائی جانے والی رقوم میں 98 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

اپریل 2020 میں ایک ارب 79 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔اپریل 2020 کی ترسیلات مارچ 2020 کے مقابلے میں 10 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کم رہیں۔مارچ کے مقابلے میں اپریل کی ترسیلات 5.5 فیصد کم ہیں ۔مارچ 2020 میں ایک ارب 89 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئی تھیں۔

اپریل 2020 کی ترسیلات اپریل 2019 کی ایک ارب 77 کروڑ ڈالر کی ترسیلات سے ایک کروڑ 98 لاکھ ڈالر زائد ہیں ۔اپریل 2020 میں سب سے زیادہ 45 کروڑ 14 لاکھ ڈالر سعودی عرب سے بھجوائے گئے،امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے 40 کروڑ 19 لاکھ ڈالر ، متحدہ عرب امارات سے 35 کروڑ 38 لاکھ ڈالر ،برطانیہ سے 22 کروڑ 66 لاکھ ڈالر کی ترسیلات بھجوائی گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔