انٹیلی جنس ادارے دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنائیں، آرمی چیف جنرل راحیل شریف

جہانگیر منہاس  جمعرات 5 دسمبر 2013
انٹیلی جنس اداروں کاکردارانتہائی اہم ہے،انٹیلی جنس شیئرنگ بڑھاکردہشتگردی کامقابلہ کر سکتے ہیں،جنرل راحیل کاخطاب فوٹو: فائل

انٹیلی جنس اداروں کاکردارانتہائی اہم ہے،انٹیلی جنس شیئرنگ بڑھاکردہشتگردی کامقابلہ کر سکتے ہیں،جنرل راحیل کاخطاب فوٹو: فائل

اسلام آ باد: فوج  کے سپہ سالار کاعہدہ سنبھالنے کے بعد جنرل راحیل شریف نے گزشتہ روز  پہلی مرتبہ انٹر سروسز انٹیلی جنس ( آئی ایس آئی)  کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔

جہاں ڈائریکٹر جنرل  آئی ایس آئی  لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام نے  اپنے سنیئر اسٹاف کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈی جی انٹرنل سیکیورٹی کی طرف سے دی جانی والی بریفنگ کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ فوج ملک کو درپیش کسی بھی نوعیت کے  خطرات سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہمارے فوجی جوانوں ،افسران اورانٹلیجنس ایجنسی کے سیکڑوں افراد نے جان ہیتھلی پر رکھ کر ملک کا دفاع کیا ہے اور جان کی قربانی دی ہے میں ان مادر وطن کے عظیم سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتاہوں۔ ذرائع کے مطابق بریفنگ کے دورن آرمی چیف نے کہا کہ ہماری خفیہ ایجنسی( آئی ایس آئی) دنیاکی ٹاپ لیول کی سیکرٹ ایجنسی ہے، ہم خفیہ ادروں کے درمیان رابطوں کوبڑھا کر اور خاص طور پر دہشت گردی کے خاتمے کیلیے انٹیلی جنس شیئرنگ کا فارمولا اپنا کر کسی بھی خطرے کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آئی ایس آئی کو درپیش ہر طرح کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے کیونکہ موجودہ صورتحال میں انٹیلی جنس اداروں کا کردارانتہائی اہم ہے ۔انھوں نے کہا کہ انٹیلی جنس ادارے دیگراداروں سے بہتررابطوں اورباہمی تعاون سے ملک سے دہشتگردی کے خاتمہ کویقینی بنائیں،آئی این پی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ آرمی چیف نے کہاکہ کسی کوبھی پاکستان کے مفادات کونقصان نہیں پہنچانے دینگے ۔ذرائع کے مطابق جنرل راحیل شریف کو سیکورٹی کے حوالے سے ملک کی مجموعی صورتحال ، پاکستان کے ہمسایہ ممالک سے تعلقات ، نیٹو فورسز کی افغانستان میں موجودگی ، بلوچستان اور کراچی میں ریاستی اداروں کے خلاف برسر پیکار غیر ملکی ایجنٹوں اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ سمیت حکومت پاکستان اور طالبان کے مابین ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ 2 گھنٹے تک جاری رہنے والی بریفنگ میں جنرل راحیل شریف کو ملک کے اسٹرٹیجک اثاثوں کے بارے میں بھی اگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران جنرل راحیل نے ملکی دفاع کے حوالے سے آئی ایس آئی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کو سراہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔