خیبر پختونخوا حکومت  کا پیر سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 15 مئ 2020
 تیل کی نئی قیمتوں کے مطابق نظرثانی شدہ کرایہ وصول کیا جائے گا، صوبائی مشیر اطلاعات۔ فوٹو، فائل

تیل کی نئی قیمتوں کے مطابق نظرثانی شدہ کرایہ وصول کیا جائے گا، صوبائی مشیر اطلاعات۔ فوٹو، فائل

 پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ عوامی سہولت کے لیے پیر18 مئی سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو ایس او پیز کے تحت کھولا جائے گا۔ کمشنرز،ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ٹراسپورٹز کے ساتھ مل کر ایس او پیز تشکیل دیں گے۔ تیل کی نئی قیمتوں کے مطابق نظرثانی شدہ کرایہ وصول کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کمشنر حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے ڈویژن کے اندر انفرادی روٹ کھولنے کا فیصلہ کریں گے۔ایک ضلع کے اندرون یا ایک ضلع سے دوسرے ضلع کے روٹ کا فیصلہ بھی کمشنرز کریں گے۔ایسے روٹ جو مختلف ڈویژنوں کی حدود میں ہوں ، انکے کھولنے کا فیصلہ صوبائی سطح پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم کی تمام صوبوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی اپیل

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ وفاق کی مشاورت سے کیا  گیا ہے۔ پٹرول پمپ 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ حجام کی دکانیں ایس او پیز  کے ساتھ جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو 4 بجے تک کھلی رہ سکیں گی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ کاروبار زندگی کو مکمل طور پر بند رکھنا کورونا وباء کا مستقل حل نہیں۔ محفوظ ماحول میں معیشت کا پہیہ چلانا ہوگا۔  اس نازک توازن کو بر قرار رکھنا ضروری ہے۔ کیونکہ وباء اور غربت دونوں کا مقابلہ کرنا ہے۔

حجام کی دکانوں کے لیے ایس او پیز جاری 

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر پختون خوا حکومت نے حجام کی دکانوں کے لیے ایس او پیز جاری کردیے ہیں جن کے مطابق حجام کی دکانوں میں صابن اورہاتھ دھونے کی سہولت کی فراہمی یقینی بنانے ہوگی۔ ماسک اور گلوز کا استعمال لازمی کرنا ہوگا۔ دکاں میں جراثیم کش سپرے کرنا ہوگا اوردکان میں موجود اشیاء کو سینٹائز کرنا ہوگا۔ دکان کی کھڑکیاں دروازے کھلے رکھنا ہوں گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔