اربوں روپے کے غیر قانونی فنڈز تقسیم کرنے پر سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کیخلاف کارروائی کا حکم

ویب ڈیسک  جمعرات 5 دسمبر 2013
راجا پرویز اشرف نے اپنے دور حکومت میں 26 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز من پسند افراد میں تقسیم کئے تھے۔   فوٹو: فائل

راجا پرویز اشرف نے اپنے دور حکومت میں 26 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز من پسند افراد میں تقسیم کئے تھے۔ فوٹو: فائل

اسلام آ باد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے گوجر خان اور بھاشا ڈیم سمیت دیگر منصوبوں کیلئے ترقیاتی فنڈز تقسیم کرنے سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کا فیصلہ چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے پڑھ کر سنایا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فنڈز کے اجرا میں سنگین خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئیں۔ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے اختیارات کا غلط استعمال کرتےہوئے ارکان اسمبلی اور دیگر لوگوں کو ترقیاتی فنڈز کے نام پر نواز ا۔  کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ جس نے یہ فنڈ جاری کئے اور جن لوگوں نے ان سے فائدہ اٹھایا ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نےسابق وزیر اعظم کی طرف سے مبینہ طورپر بھاشا ڈیم اور دیگر منصوبوں کے لیے مختص رقم میں سے 47ارب روپے نکال کر اپنے حلقہ اور دیگر منصوبوں ،ارکان اسمبلی کو دینے سے متعلق درخواست کی سماعت کی اور 22 جنوری کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

عدالت عظمیٰ نے بلوچستان کے ترقیاتی فنڈز سے متعلق کیس کا فیصلہ بھی سناتےہوئے ہوئے قرار دیا ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبے اگر عوامی مفاد میں نہیں تو مجاز اتھارٹی سے ان کو تبدیل کیا جائے اور جو پیپرا رولز کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔