آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا پشاور کورہیڈ کوارٹرزکا دورہ، سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

ویب ڈیسک  جمعرات 5 دسمبر 2013
 آرمی چیف کو فاٹا اور مالاکنڈ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ فوٹو ایکسپریس نیوز

آرمی چیف کو فاٹا اور مالاکنڈ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ فوٹو ایکسپریس نیوز

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پشاور میں کور ہیڈ کوارٹرز کا پہلا فیلڈ دورہ کیا جہاں انہیں مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے ماطق  پشاور کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی نے کور ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر  آرمی چیف جنرل راحیل کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر کور کمانڈر نے آرمی چیف کو فاٹا اور مالاکنڈ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے علاوہ  امن وامان کی مجموعی صورتحال کے ساتھ ساتھ مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف شمالی اور جنوبی وزیرستان کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے جوانوں کی بہادری اور بہترین کارکرگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جنرل راحیل شریف نے فاٹا میں پاک فوج کے زیراہتمام جاری ترقیاتی پراجیکٹ کی تعریف کی اور کہا کہ دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی مدد سے علاقے کی معاشی حالت بہتر اورامن قائم ہوگا۔ انہوں نے فوجی افسران اور جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ قوم کی خدمت کے لئے اپنی بھرپور خدمات پیش کرتے رہیں۔

واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 29 نومبر کو اپنےعہدہ کا چارج سنبھالا تھا اور انہوں نے اپنا فیلڈ دورہ پشاور کور ہیڈ کوارٹر کا کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔