اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے تیزی رہی

اسٹاف رپورٹر  اتوار 17 مئ 2020
32 ارب روپے مالیت کے 1.09ارب شیئرز کا کاروبار ہوا،مارکیٹ کیپٹلائزیشن 123 ارب بڑھ کر 6429 ارب روپے ہوگئی۔ فوٹو: فائل

32 ارب روپے مالیت کے 1.09ارب شیئرز کا کاروبار ہوا،مارکیٹ کیپٹلائزیشن 123 ارب بڑھ کر 6429 ارب روپے ہوگئی۔ فوٹو: فائل

کراچی: ملک کے اقتصادی محاز پر مثبت اطلاعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ ہفتے کے دوران تیزی کے اثرات غالب رہے جس سے انڈیکس کی 34ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔

گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کے ایس ای100 انڈیکس میں مجموعی طورپر 740 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ہفتے کے اختتام ہر 100 انڈیکس34008 پر بند ہوا، ہفتے کے دوران 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 34041، کم ترین 33126 رہی،ہفتے کے دوران 32 ارب روپے مالیت کے 1.09ارب شیئرز کا کاروبار ہوا، ہفتے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 123 ارب روپے بڑھ کر 6429 ارب روپے ہوگئی ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ افراط زر کی شرح میں کمی کے بعد سود کی شرح میں کمی کی توقعات پر سرمایہ کاری کے بیشتر شعبوں نے مارکیٹ میں منظم انداز میں تازہ سرمایہ کاری کی۔

گذشتہ ہفتے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ زرعی پیکیج کے سبب فرٹیلائزر اور زراعت سے متعلق کمپنیوں میں وسیع پیمانے پر خریداری دیکھنے میں آئی اور اسی طرح بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کے جائزہ میں بڑے حجم کی حامل پاکستان کی تین لسٹڈ کمپنیوں کو ایم ایس سی آئی ایمرجنگ انڈیکس میں برقرار رکھنے جیسے عوامل نے بھی مارکیٹ میں اعتماد کی فضا کو بہتر کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔