آسٹریلیا میں حملہ آور نے مسجد میں گھس کر ایک نمازی کو شہید اور 2 کو زخمی کر دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 5 دسمبر 2013
حملہ آور مسجد کے داخلی اور خارجی راستوں سے بخوبی آشنا تھا اور گزشتہ روز سے مسجد کے پاس موجود تھا، پولیس، فوٹو؛ فائل

حملہ آور مسجد کے داخلی اور خارجی راستوں سے بخوبی آشنا تھا اور گزشتہ روز سے مسجد کے پاس موجود تھا، پولیس، فوٹو؛ فائل

میلبورن: آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں حملہ آور نے مسجد میں گھسنے سے روکنے پر ایک نمازی کو شہید جبکہ دو کو زخمی کر دیا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے شہر میلبورن کے نواحی علاقے ڈلاس میں واقع ترکش اسلامک اینڈ کلچر ل سینٹر میں ایک 22 سالہ مشکوک آدمی نے داخل ہونے کی کوشش کی تو مسجد میں موجود 3 نمازیوں نے اسے روکنے کی کوشش کی جس پر اس نے تیز دھار آلے سے تینوں نمازیوں پر پے درپے وار کردیئے جن میں سے ایک نمازی موقع پر ہی شہید ہوگیا جبکہ 2 زخمیوں کو علاج کے لئے فوری طور پر قریبی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ آور کو جب گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس نے پولیس اہلکاروں پر بھی حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہو گیا، پولیس کا کہنا تھا حملہ آور مسجد کے داخلی اور خارجی راستوں سے بخوبی آشنا تھا اور گزشتہ روز سے ہی مسجد کے پاس موجود تھا تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی اصل وجوہات کا تعین کیا جاسکے گا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔