اگر کسی نے ہماری حکومت گرانے کی کوشش کی تو وفاقی حکومت بھی نہیں رہے گی، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعرات 5 دسمبر 2013
اس وقت تک نیٹو سپلائی نہیں گزرنے دیں گے جب تک ڈرون حملے بند کرنے کی یقین دہانی نہیں کرادی جاتی، عمران خان   فوٹو؛ایکسپریس نیوز

اس وقت تک نیٹو سپلائی نہیں گزرنے دیں گے جب تک ڈرون حملے بند کرنے کی یقین دہانی نہیں کرادی جاتی، عمران خان فوٹو؛ایکسپریس نیوز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر کسی نے خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت گرانے کی کوشش کی تو وفاقی حکومت بھی نہیں رہے گی۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر ڈی چوک پر ڈرون حملوں کے خلاف دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ڈرون حملوں کے خلاف نیٹو سپلائی بند کی تو کہا جارہا ہے کہ عمران خان امریکا سے دشمنی لے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں ان سب کو بتایا چاہتا ہوں کہ دوستی اور غلامی میں بہت فرق ہے، حکمران امریکا سے دوستی نہیں بلکہ ان کی غلامی کررہے ہیں دوست کبھی ایسا نہیں کرتا جیسا امریکا پاکستان میں میں کررہا ہے، حکومتوں کی دوغلی پالیسی کی وجہ سے امریکا ہمیں نیچی اور حقارت کی نظر سے دیکھتاہے، جھوٹ کی وجہ سے نہ امریکا حکمران کی عزت کرتا ہے اور نہ پاکستانی عوام ان کی عزت کرتی ہیں۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہاکہ ہم جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں، ہم نے الیکشن سے پہلے کہا تھا کہ اگر ڈرون حملہ ہوا تو ہمارے ہاتھ میں جو ہوا ہم وہ کریں گے اور آج ڈرون حملوں کے خلاف ہم نے نیٹو سپلائی  بند کردی اور کچھ بھی ہوجائے ہم اس وقت تک نیٹو سپلائی نہیں گزرنے دیں گے جب تک ڈرون حملے بند کرنے کی یقین دہانی نہیں کرادی جاتی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) کے آنے سے ڈالر 110 روپے تک پہنچ چکا ہے، جن کا پیسہ بیرون ممالک میں پڑا ہے انہیں ڈالر مہنگا ہونے کی کوئی فکر نہیں، حکمرانوں کا 50 ملین ڈالر سے زیادہ پیسہ باہر ہے جس کی وجہ سے ان کی رقم میں صرف 6 ماہ کے دوران 6 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

بعد ازاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ڈرون حملوں سے دہشت گردی ختم نہیں ہورہی بلکہ بڑھ رہی ہے اور اس سے متعلق ہمارے مؤقف کو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے بھی درست قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نادرا طارق ملک کو ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشان سے تصدیق سے قبل ہٹایا گیا جس سے ہمارے خدشات بڑھے ہیں، اگر پنجاب کے 4 حلقوں میں تصدیق ہوجائے تو مطمئن ہوجائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔