کراچی میں موسم کا پارہ 42 ڈگری تک پہنچنے کا امکان

اسٹاف رپورٹر  پير 18 مئ 2020
خلیج بنگال میں ایک سپر سائیکلون بن چکا ہے جو کراچی سے 2500 کلومیٹر دور ہے، محکمہ موسمیات (فوٹو : فائل)

خلیج بنگال میں ایک سپر سائیکلون بن چکا ہے جو کراچی سے 2500 کلومیٹر دور ہے، محکمہ موسمیات (فوٹو : فائل)

 کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں گرمی کی شدت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کردی۔

چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق شہر میں گرمی کی شدید لہر ہیٹ ویو ہواؤں کی تبدیلی پر منحصر ہوتی ہے، پیر کو بھی سمندری ہواؤں کے تسلسل کی وجہ سے پارہ معتدل ریکارڈ ہوا تاہم منگل سے جمعرات کے درمیان سمندری ہوائیں رکنے اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کی توقع ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مذکورہ دورانیے میں گرمی کا زیادہ سے زیادہ پارہ 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے، اس بات کا امکان موجود ہے کہ سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں منقطع ہونے کے بعد بلوچستان کی ریگستانی گرم ہوائیں شہر پر اثر انداز ہوں تاہم سمندری ہواؤں کی بندش کا عرصہ چند گھنٹوں پر محیط رہ سکتا ہے اور شام تک جنوب مغربی ہوائیں دوبارہ بحال ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں موجود ایمپھین نامی سمندری طوفان سپر سائیکلون کے درجے تک پہنچ گیا ہے، ٹراپیکل سائیکلون کراچی سے 2500 کلومیٹر دور ہے، سائیکلون کے مرکز میں ہوائیں 130 ناٹیکل میل کی رفتار سے چل رہی ہیں، 20 مئی تک سائیکلون اڑیسہ اور کولکتہ کو متاثر کرسکتا ہے، سائیکلون کا اڑیسہ اور کولکتہ کو متاثر کرنے کی صورت میں گرم ہواؤں کا کراچی پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 37.8 ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 27.4 ڈگری ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت نمی کا تناسب 75 جبکہ شام کے وقت 62 فیصدرہا اور سمندری ہواؤں کی رفتار 32 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔ آج (منگل) کو شہر کا مطلع انتہائی گرم و مرطوب رہنے کی توقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔