انگلینڈ کے ویران میدانوں کی رونق واپس آنے لگی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 22 مئ 2020
باربار ہاتھ دھونے، سامان کوجراثیم کش کپڑے سے صاف کرنے کی ہدایت ۔ فوٹو: فائل

باربار ہاتھ دھونے، سامان کوجراثیم کش کپڑے سے صاف کرنے کی ہدایت ۔ فوٹو: فائل

 کراچی: انگلینڈ کے ویران میدانوں کی رونق پھر سے واپس آنے لگی اور جمعرات سے بولرز نے سوشل ڈسٹینس ٹریننگ کا آغاز کردیا، پہلے روز 45 منٹ کا سیشن ہوا، زیادہ توجہ فٹنس ایکسرسائز پر رہی، کچھ بولرز تاخیر سے جوائن کریں گے، بیٹسمین اور وکٹ کیپرز کی ٹریننگ کا آغاز یکم جون سے ہوگا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے ویران پڑے انگلینڈ کے میدان آہستہ آہستہ آباد ہونا شروع ہوگئے ہیں، گذشتہ روزبولرز نے باضابطہ طور پر ٹریننگ کا آغاز کیا، بورڈ کی جانب سے 18 بولرز کو اپنے متعلقہ کاؤنٹی گراؤنڈز پر پریکٹس شروع کرنے کاکہا گیا ہے۔

جمعرات کو ٹریننگ کا آغاز کرنے والوں میں اسٹورٹ براڈ اور کرس ووئکس بھی شامل تھے۔ براڈ نے ٹرینٹ برج جبکہ ووئکس نے ایجبسٹن میں پریکٹس شروع کی، ابتدائی روز 45 منٹ کا سیشن تھا، کھلاڑیوں کو فل کٹ میں ٹریننگ کو  کہا گیا تھا۔

بولنگ سے زیادہ توجہ شٹل رن اور دیگر ایروبک سرگرمیوں  پر مرکوز رہی، کھلاڑیوں کو پہلے ہی ہدایت کردی گئی تھی کہ وہ دوران ٹریننگ باربار ہاتھ دھوتے رہیں، اپنے سامان اور موبائل کو بھی جراثیم کش کپڑے سے صاف کریں، ہاتھ ملانے اور ایک دوسرے کے قریب جانے پر بھی پابندی ہے، اگرچہ بولرز کو اپنی اپنی گیندیں دی گئی ہیں تاہم انھیں ان پر بھی تھوک یا پسینہ لگانے سے روک دیا گیا۔ بولرز سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنی سہولت سے ٹریننگ جوائن کرسکتے ہیں۔

ورکشائر کے اولٹی اسٹون فٹنس مسائل کی وجہ سے تاخیر سے پریکٹس شروع کریں گے۔ بیٹسمین اور وکٹ کیپرز کی ٹریننگ کا آغاز یکم جون سے ہوگا۔

بولرز کیلیے الگ الگ فزیوز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، پہلے ہفتے میں 2 جبکہ اگلے ہفتے میں تین سیشنز ہوں گے جن میں کوچز بھی جوائن کریں گے، فزیوز اور سپورٹنگ اسٹاف کیلیے خصوصی حفاظتی لباس مہیا کیا گیا ہے، وہ اسے پہن کر کھلاڑیوں کو ٹریننگ کرائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔