مہنگا آٹا بیچنے والی ملوں کے خلاف کریک ڈاؤن

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 6 دسمبر 2013
عوام کو آٹے کی بروقت فراہمی اوربین الصوبائی گندم کی اسمگلنگ روکنے کے لیے سندھ بلوچستان سرحد پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے ۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

عوام کو آٹے کی بروقت فراہمی اوربین الصوبائی گندم کی اسمگلنگ روکنے کے لیے سندھ بلوچستان سرحد پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے ۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

کراچی: سندھ کے وزیر خوراک جام مہتاب حسین ڈھرکی ہدایات پر مہنگا آٹا بیچنے والی فلور ملوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔

سائٹ میں مہنگا آٹا فروخت کرنے والی فلور مل پر سیکریٹری خوراک کی سربراہی میں انسپکشن ٹیم نے سائٹ ایریا میں چھاپہ مارکر فلور مل کا گندم کوٹا معطل کردیاجبکہ فرائض سے غفلت برتنے پر خوراک انسپکٹر کو معطل کردیا، مل میں10کلو آٹے کاتھیلا 425رو پے میں فرو خت کیا جا رہا تھا جبکہ سرکاری قیمت 395رو پے ہے، تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا کہ سندھ کے عوام کو آٹے کی بروقت فراہمی کیلیے دوسرے صوبوں کو گندم کی اسمگلنگ روکنے کے لیے سندھ بلوچستان سرحد پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے اور گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف بھی محکمہ خوراک نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے تاکہ مصنوعی بحران پیدا کرنے والے عناصر اپنی سازشوں میں ناکام رہیں۔

انھوں نے فلور مل مالکان کی جانب سے آٹے کی قیمتوںمیں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ مقررہ قیمت سے زائد قیمت پر آٹا فروخت کرنے والی فلور ملز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے اور آٹے کی قیمت میں بلا جواز اضافہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، صوبے میں گندم کی کوئی قلت نہیں،گندم کا سرکاری کوٹہ فلور ملز مالکان کی مرضی سے مقرر کیا گیا ہے اور فلور ملز مالکان نے اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ آٹے کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

لہٰذا آٹے کی قیمت میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ انھوں نے چیف سیکریٹری سندھ سے بات کی ہے اور سندھ کے تمام اضلاع میں انتظامیہ کو ہدایت کردی گئی ہے کہ سرکاری نرخوں سے زائد پر آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، اس موقع پر انھوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کراچی سمیت پورے سندھ میں آٹے کی قیمتوں پر نظر رکھیں اور فلور ملز کے ڈلیوری آرڈر چیک کرکے قیمتوں پر نظر رکھی جائے۔

دریں اثنا وزیر خوراک کی ہدایت پر سیکریٹری خورا ک نصیر احمد جمالی کی سربرا ہی میں انسپکشن ٹیم نے پرا ئم رولر فلو ر مل سا ئٹ ایریا پر چھاپہ مارا، مل میں 10کلو آٹے کاتھیلا 425رو پے میں فرو خت کیا جارہا تھا جبکہ محکمہ خوراک نے اس کی قیمت 395رو پے مقرر کی ہے، چھاپے کے دوران انسپکشن ٹیم نے فلور مل کا گندم کوٹا معطل کر دیا اور فرائض سے کوتاہی اور غفلت برتنے پر خوراک انسپکٹر قمر بھٹو کو بھی معطل کر دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔