مارکیٹوں اور دکانوں میں جم غفیر کے نتائج کے ذمہ دار عوام خود ہوں گے، مشیر صحت

ویب ڈیسک  جمعـء 22 مئ 2020
عوام کے لیے رش والی جگہوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، معاون خصوصی فوٹو: فائل

عوام کے لیے رش والی جگہوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، معاون خصوصی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے باعث خراب صورت حال کا ذمہ دار عوام خود ہوں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال تشویشناک ہے، گزشتہ روز کورونا وائرس سے 50 اموات ہوئیں،ایک دن میں اموا ت کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے، احتیاط نہ کی گئی تو کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا، ہمیں کورونا وائرس سے بچاوَ کے لیے ہمیں خود کو اور دوسروں کو بچانا ہے۔ سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھیں گے تو صورتحال خراب ہوسکتی ہے، آپ کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتے، اس کے نتائج کے ذمہ دار آپ خود ہوں گے۔

ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں اور دکانوں میں لوگوں کا جم غفیر دیکھا جارہا ہے، عوام کے لیے رش والی جگہوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ 50 سال سے زائد عمر کے لوگ جمعتہ الوداع کے اجتماعات میں جانے سے گریز کریں، عید کی نمازگھروں پر ادا کریں تو اس سے اچھی کوئی بات نہیں۔ عید پر ہمیں ایک دوسرے سے گلے نہیں ملنا، ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنا ہے، ہم دور رہ کر ایک دوسرے کو عید کی مبارک دے سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔